نیویارک(17 جنوری 2026): اقوام متحدہ میں پاکستان کے مستقل مندوب عاصم افتخار نے کہا ہے کہ عالمی قوانین کے تحت مسئلہ فلسطین اور کشمیر کا پرامن طریقے سے حل ہونا ضروری ہے۔
اقوام متحدہ میں پاکستانی مستقل مندوب عاصم افتخار نے خطاب میں کہا کہ پاکستان اقوام متحدہ چارٹر کے مطابق تنازعات کا پرامن حل چاہتا ہے، تنازعات کو سیاسی اور سفارتی ذرائع سے حل کیا جائے، تنازعات کا حل اقوام متحدہ چارٹر کا بھی امتحان ہے۔
مستقل مندوب عاصم افتخار نے کہا کہ فلسطین اور جموں کشمیر تنازعات کے حل کی کامیاب مثالیں ہونی چاہیے، سیکیورٹی کونسل نے 1940 اور 1950 میں امن کے لیے بہترین اقدامات کیے، سیکیورٹی کونسل کے فیصلے کے برعکس تنازعات اب بھی برقرار ہیں۔
عاصم افتخار نے کہا کہ فلسطین اور جموں کشمیر کے تنازعات میں قراردادوں پر عمل نہیں ہوا، اقوام متحدہ کے چارٹر پر اس کی روح کے مطابق عمل کیا جائے، عالمی برادری آج طاقت کے قانون کی بجائے قانون کی طاقت پر بات کر رہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ عالمی امن انصاف، شراکت داری اور مشترکہ ذمہ داری سےآسکتا ہے، یو این چارٹر کی 80ویں سالگرہ منائی ہے، چارٹر پر عمل وقت کی ضرورت ہے، دنیا میں تنازعات کو روکنے کے لیے دوبارہ چارٹر کو پڑھنے کی ضرورت ہے۔
عاصم افتخار کا کہنا تھا کہ دنیا میں تنازعات کو روکنے کیلئے چارٹر میں تبدیلی نہیں بلکہ عمل کی ضرورت ہے، پاور پولیٹکس کو عالمی قوانین پر فوقیت دی جائےگی توتنازعات حل نہیں ہونگے، دنیا میں ڈائیلاگ، سفارتکاری ضروری ہے اور یہ سیکیورٹی کونسل کی ذمہ داری ہے۔
عاصم افتخار کا مزید کہنا تھا کہ سیکیورٹی کونسل تنازعات کے حل کیلئے ڈائیلاگ اور سفارتکاری کو استعمال کرے، تنازعات کو حل کرنےکے لیے ان کے جڑوں کو سمجھنے کی ضرورت ہے، تنازعات کا پرامن حل ہی اس کی پائیداری کا ضامن ہوتا ہے۔
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں


