بھارت کے سینئر اداکار اسرانی 84 برس کی عمر میں چل بسے۔
بھارتی میڈیا رپورٹ کے مطابق بالی ووڈ کے سینئر اداکار اسرانی طویل علالت کے بعد 84 برس کی عمر میں انتقال کرگئے وہ گزشتہ چند دنوں سے اسپتال میں زیر علاج تھے۔
اسرانی یکم جنوری 1940 کو جے پور میں پیدا ہوئے، ان کے والد کی قالین کی دکان تھی جبکہ اسرانی نے خاندانی کاروبار میں کبھی دلچسپی نہیں لی۔
اداکار نے اپنی ابتدائی تعلیم سینٹ زیویئرز اسکول میں مکمل کی اور بعد میں راجستھان کالج جے پور سے گریجویشن کیا، انہوں نے جے پور میں آل انڈیا ریڈیو میں وائس آرٹسٹ کے طور پر کام کیا۔
انہوں نے بالی ووڈ میں اپنی اداکاری کا آغاز 1967 کی فلم ‘ہرے کانچ کی چوڑیاں’ سے کیا، جس میں اداکار بسواجیت کے دوست کا کردار ادا کیا۔ اس دوران انہوں نے کئی گجراتی فلموں میں مرکزی اداکار کے طور پر کام کیا۔
اسرانی کا سب سے یادگار کردار شعلے میں جیلر کا تھا۔ انہوں نے ہرشیکیش مکھرجی، گلزار، اور بی آر چوپڑا جیسے مشہور ہدایت کاروں کی فلموں میں ورسٹائل پرفارمنس بھی دی۔
وہ راجیش کھنہ کے قریبی دوست بھی تھے اور ان کے ساتھ تقریباً 25 فلموں میں اداکاری کی۔
اسرانی کا کیریئر پانچ دہائیوں پر محیط ہے، وہ ‘میرے اپنے’، ‘کوشش’، ‘باورچی’، ‘پریچے’، ‘ابھی مان’، ‘چپکے چپکے’، ‘چھوٹی سی بات’ ‘رفو چکر’ اور ‘شعلے’ جیسی مشہور فلموں میں جلوہ گر ہوئے۔
اس کے علاوہ فلم دھمال، بھول بھلیا اور بنٹی اور ببلی 2 میں بھی انہوں نے اپنی اداکاری سے شہرت حاصل کی۔
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں


