اسلام آباد : مالی گوشوارے جمع نہ کرانے پر 32 قومی اسمبلی اراکین کی رکنیت معطل کردی گئی اور کہا گیا معطل ارکان کی رکنیت گوشوارے جمع کرانے تک معطل رہے گی۔
الیکشن کمیشن آف پاکستان نے مالی گوشوارے جمع نہ کرانے پر قومی اسمبلی کے 32 ارکان، سینیٹ اور صوبائی اسمبلیوں کے متعدد ارکان کی رکنیت معطل کر دی ہے۔
قومی اسمبلی کے معطل ارکان میں علی موسی گیلانی، عبدالقادر گیلانی، میر علی مگسی، خالد مقبول صدیقی، اختر مینگل، سائرہ تارڑ اور مہرین بھٹو شامل ہیں۔
پنجاب اسمبلی کے ارکان رانا سکندر حیات، عدنان ڈوگر اور عامر حیات ہراج، سندھ اسمبلی کے آغا شہباز درانی، قائم علی شاہ، محمد تیمور تالپور، سعید غنی اور ملیحہ منظور کی بھی رکنیت معطل کی گئی۔
خیبر پختونخوا اسمبلی کے 28، بلوچستان اسمبلی کے 7 اور سینیٹ کے 9 ارکان کی رکنیت بھی معطل کی گئی، جن میں فوزیہ ارشد، مصدق ملک، مراد سعید، نور الحق قادری، کاظم علی شاہ، جام صفی اللہ خان، احمد خان اور عبدالقدوس شامل ہیں۔
الیکشن کمیشن کے مطابق معطل ارکان کی رکنیت گوشوارے جمع کرانے تک معطل رہے گی۔
اسپیکر قومی اسمبلی ایاز صادق نے کہا کہ معطل ارکان ایوان سے باہر جائیں اور ان کی حاضری نہیں لگائی جائے گی، جبکہ انہیں ہدایت دی گئی ہے کہ وہ فوری طور پر الیکشن کمیشن میں اپنے گوشوارے جمع کرائیں۔
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں


