تازہ ترین

لاہور میں ڈرائیور ٹرین روک کر ’دہی‘ لینے چلا گیا

لاہور میں اسسٹنٹ ڈرائیور کی ٹرین روک کر دہی خریدنے جانے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی۔

اے آر وائی نیوز کے مطابق لاہور میں کاہنہ کاچھا ریلوےاسٹیشن کے قریب اسسٹنٹ ڈرائیور ٹرین روک کر دہی لینے بازار چلا گیا، واقعے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہونے پر وزیر ریلوے اعظم سواتی نے نوٹس لے لیا۔

ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ کاہنہ کاچھا ریلوےاسٹیشن کے قریب ٹرین رکی ہوئی ہے اور اسسٹنٹ ڈرائیور کے دہی لیکر واپس آنے پر ٹرین چل پڑتی ہے جبکہ انجن پر 5217 نمبر درج ہے۔

وزیر ریلوے اعظم سواتی نے سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی ویڈیو کا نوٹس لیتے ہوئے ٹرین ڈرائیور رانا محمد شہزاد، اسسٹنٹ ڈرائیور افتخار حسین کو معطل کردیا۔

وفاقی وزیر ریلوے اعظم سواتی نے کہا کہ ایسے واقعات آئندہ بھی برداشت نہیں کیے جائیں گے، ریلوے قومی امانت ہے، ذاتی مقاصد کے لیے استعمال نہیں ہونے دیں گے۔

واضح رہے کہ ٹرین روک کر اشیا خریدنے کا یہ پہلا واقعہ نہیں ہے اس سے قبل بھی ٹرین ڈرائیور نے سبزی خریدنے کے لیے ٹرین روک لی تھی۔

Comments

- Advertisement -