ساہیوال: ساہیوال میڈیکل کالج کےایسوسی ایٹ پروفیسر ڈاکٹر ساجد مصطفیٰ اغوا ہو گئے۔
اے آر وائی نیوز کے مطابق ساہیوال پولیس کا کہنا ہے کہ 4 نامعلوم کار سوار افراد نے پیر کی شام کو پروفیسر ڈاکٹر ساجد کو ان کے کلینک کے قریب سے اغوا کر لیا ہے۔
پولیس کو چائلڈ اسپیشلسٹ ڈاکٹر ساجد کی گاڑی کلینک کے قریب ہی ملی، جس سے شواہد اکھٹے کیے گئے۔
ایسوسی ایٹ پروفیسر کے اغوا کے معاملے پر وزیر صحت پنجاب ڈاکٹر یاسمین راشد نے آئی جی پنجاب پولیس انعام غنی سے رابطہ کر کے ڈاکٹر کی بازیابی کے لیے کارروائی کرنے کی ہدایت کی۔
آئی جی انعام غنی نے وزیر صحت پنجاب کو ڈاکٹر ساجد مصطفیٰ کی جلد بازیابی کی یقینی دہانی کرائی، آئی جی نے کہا کہ آر پی او ساہیوال کی سربراہی میں ڈاکٹر ساجد کی بازیابی کے لیے کوشش جاری ہے۔
ڈاکٹر یاسمین راشد نے مغوی ڈاکٹر کے اہل خانہ کے ساتھ اظہار ہم دردی کرتے ہوئے اپنے بیان میں کہا کہ ڈاکٹر کی جلد بازیابی کے لیے کوششیں کی جا رہی ہیں۔
ادھر ساہیوال میڈیکل کالج کے شعبہ پیڈز کے ہیڈ آف ڈپارٹمنٹ کے اغوا پر صدر ینگ ڈاکٹرز ایسوی ایشن اوکاڑہ ڈاکٹر اویس نے واقعے کی شدید مذمت کی ہے، ڈاکٹر اویس نے مطالبہ کیا کہ ڈاکٹر ساجد کو جلد از جلد بازیاب کرا کر ملزمان کو سخت سزا دی جائے۔