ریاض (31 جولائی 2026): سعودی عرب میں 30 جولائی کی شب دلفریب فلکی نظارہ دیکھنے کے لیے ہزاروں شہری سڑکوں پر نکل آئے۔
سعودی پریس ایجنسی کے مطابق جمعرات کی شب جولائی کے ’’فل مون‘‘ نے آسمان پر طلوع ہوتے ہی پوری مملکت کو جگمگا دیا اور آسمان عام راتوں کی نسبت روشن ہو گیا۔
یہ اتنا نایاب فلکیاتی نظارہ تھا کہ لوگ خود پر قابو نہ رکھ سکے اور اس بڑے چاند کی چاندنی کو دیکھنے کے لیے ہزاروں افراد گھروں کی چھتوں پر چڑھ گئے یا سڑکوں پر نکل آئے۔
کیمرہ مینوں اور فوٹوگرافرز ہاتھوں میں کیمرے لیے آئے اور تصاویر لیں اور فلکیات سے دلچسپی رکھنے والوں نے اس منظر کا اپنی آنکھوں سے نظارہ کیا اور اس کے لیے غیر معمولی طور پر پرجوش دکھائی دیے۔
شمالی سرحد کے علاقے میں فلکیات اور خلائی کلب کے ممبر عدنان خلیفہ کا کہنا ہے کہ یہ مملکت میں جولائی کا دکھائی دینے والا سب سے بڑا چاند تھا، جس کو امریکا میں ‘بک مون’ کے نام سے پکارا جاتا ہے۔ شمالی امریکا میں اس چاند کو ہرنوں کے ساتھ بھی منسوب کیا جاتا ہے۔



