تازہ ترین

چین پاکستان معاہدوں کے حوالے سے آئی ایم ایف کا اہم بیان

عالمی مالیاتی ادارے کا کہنا ہے کہ چین پاکستان...

جون تک پی آئی اے کی نجکاری کا عمل مکمل کرلیا جائے گا، وفاقی وزیر خزانہ

کراچی : وزیرخزانہ محمداورنگزیب کا کہنا ہے کہ پی...

حکومت کا ججز کے خط پر انکوائری کمیشن بنانے کا اعلان

اسلام آباد: وفاقی حکومت نے اسلام آباد ہائی کورٹ...

امریکا، اسکول میں فائرنگ 10 افراد ہلاک، حملہ آور گرفتار

ٹیکساس: امریکی شہر ہیوسٹن کے قریب اسکول میں فائرنگ کرنے والا 17 سالہ حملہ آور اسکول کا پرانا طالب علم ہے، فائرنگ کے نتیجے میں 10 افراد ہلاک جبکہ 10 زخمی ہوگئے۔

تفصیلات کے مطابق گذشتہ روز امریکی ریاست ٹیکساس کے شہر ہیوسٹن میں واقع سانتا فی ہائی اسکول میں فائرنگ کا واقعہ پیش آیا تھا جس کے نتیجے میں 10 افراد ہلاک اور 10 افراد زخمی ہوگئے تھے۔

غیر ملکی خبر رساں ادارے کا کہنا تھا کہ پولیس نے واردات کے فوراً بعد کارروائی کرتے ہوئے حملہ آور کو گرفتار کرلیا تھا۔

ہیوسٹن پولیس کا کہنا ہے حملہ آور کی شناخت 17 سالہ ڈیمیٹریوس پیگورٹز کے نام سے ہوئی ہے جو سانتا فی ہائی اسکول کا پرانا طالب علم تھا۔

پولیس کا کہنا تھا کہ حملہ آور نے اسکول میں فائرنگ کرنے کے لیے مبینہ طور پر شارٹ گن اور ریوالور کا استعمال کیا تھا، جو مذکورہ حملہ آور کے والد کا اسلحہ تھا۔

پولیس کا کہنا تھا کہ فائرنگ کے نتیجے میں ہلاک ہونے والے افراد میں زیادہ تعداد اسکول میں زیر تعلیم بچوں کی ہے۔

امریکی ریاست ڑیکساس کے گورنر گریگ ایبٹ کا کہنا ہے کہ ’متاثرہ اسکول کے جنوب میں 65 کلو میٹر دور متعدد اقسام کا دھماکہ خیز مواد برآمد ہوا ہے، جس میں سی او 2 ڈیوائس اور پیٹرول بم بھی شامل ہے‘۔

ٹیکساس کے گورنر گریگ ایبٹ کا کہنا تھا کہ پولیس نے حملہ آور کی ڈائری، کمپیوٹر اور موبائل فون کا جائزہ لیا ہے، جس سے پتہ چلتا ہے کہ مذکورہ شخص حملے کے بعد خودکشی کرنے کا ارادہ رکھتا تھا۔

سانتا فی پولیس کی جانب سے علاقہ مکینوں کو متنبہ کیا گیا ہے کہ ’کسی بھی مشکوک چیز کے ملنے پر اسے چھونے کے بجائے پولیس کو مطلع کریں‘۔

امریکی خبر رساں ادارے کا کہنا تھا کہ فائرنگ میں زخمی ہونے والے افراد میں متعدد پولیس اہلکار بھی شامل ہیں جن میں بیشتر کی حالت تشویشناک ہے۔

فائرنگ کے واقعے کے بعد سیکیورٹی اداروں نے اسکول کو گھیرے میں لے لیا تھا۔ فائرنگ سے ہلاک اور  زخمی ہونے والوں کو تین ہیلی کاپٹرز کے ذریعے اسپتال منتقل کیا گیا تھا۔

اسکول کے اسسٹنٹ پرنسپل کرس رچرڈسن نے حملہ آور کے گرفتار ہونے کی تصدیق کر دی تھی، عینی شاہد طالب علم کا کہنا تھا کہ کلاس جاری تھی کہ ایک شخص اندر چلتا ہوا آیا اور اچانک فائرنگ کردی، حملہ آور کے ہاتھ میں شاٹ گن تھی۔

اسکول میں فائرنگ کے واقعے پر امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر کہا تھا کہ ٹیکساس اسکول فائرنگ کی ابتدائی رپورٹس ٹھیک نہیں ہیں، خدا رحم کرے۔

واضح رہے کہ امریکا کے اسکول میں فائرنگ کا یہ پہلا واقعہ نہیں ہے اس سے قبل بھی فلوریڈا کے ہائی اسکول میں فائرنگ کے نتیجے میں 17 افراد ہلاک اور متعدد زخمی ہوگئے تھے۔

امریکی ریاست میری لینڈ میں مسلح شخص نے اسکول میں گھس کر فائرنگ کردی تھی جس کے نتیجے میں دو طالب علم زخمی ہوگئے تھے، سیکیورٹی افسر کی جوابی کارروائی سے متعدد جانیں ضائع ہونے سے بچ گئی تھیں۔

امریکا: اسکول میں فائرنگ کا واقعہ، پاکستانی طالبہ کے جاں بحق ہونے کی تصدیق

امریکی ریاست ٹیکساس کے شہر ہیوسٹن میں واقع ایک اسکول میں فائرنگ کا واقعہ پیش آیا جس کے نتیجے میں 9 طلبہ سمیت دس افراد جاں بحق ہوئے جن میں پاکستانی طلبہ سبیکا شیخ بھی شامل ہے۔

پاکستانی قونصلیٹ نے تصدیق کی ہے کہ اس واقعے کے نتیجے میں پاکستانی طالبہ سبیکا شیخ جاں بحق ہوچکی ہیں، سبیکا شیخ یوتھ ایکسچینج اینڈ اسٹڈی پروگرام کے تحت سانتا فی ہائی اسکول میں زیر تعلیم تھیں، جبکہ دوسری جانب فائرنگ کرنے والا اسکول کا طالب علم نکلا جسے پولیس نے گرفتار کر لیا ہے۔


خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں‘ مذکورہ معلومات  کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کےلیے سوشل میڈیا پرشیئر کریں

Comments

- Advertisement -