لاہور: وزیر اعظم کے معاون خصوصی عطا تارڑ نے تحریک انصاف کا جلسہ رکوانے کی درخواست دائر کر دی۔
تفصیلات کے مطابق لاہور ہائیکورٹ میں عطا تارڑ نے اپنے وکیل کے ذریعے ایک پٹیشن دائر کی ہے کہ عدالت ہاکی گراؤنڈ میں تحریک انصاف کا جلسہ فوری طور پر روکنے کا حکم جاری کرے۔
درخواست میں چیف سیکریٹری، ڈپٹی کمشنر اور تحریک انصاف کو فریق بنایا گیا ہے، درخواست گزار کا مؤقف ہے کہ تحریک انصاف نے 13 اگست کو ہاکی گراؤنڈ میں جلسے کا اعلان کیا ہے، لیکن کھیلوں کے گراؤنڈز کو سیاسی مقاصد کے لیے استعمال نہیں کیا جا سکتا۔
عطا تارڑ نے درخواست میں کہا جلسے کے لیے آسٹروٹرف کو اکھاڑا جا رہا ہے، جب کہ آسٹروٹرف کو اکھاڑنے اور بچھانے کے لیے کروڑوں روپے خرچ ہوں گے، اس لیے جلسہ روکنے کا حکم جاری کیا جائے۔
لاہور۔ ہاکی گراؤنڈ میں تاریخی جلسے کی تیاریاں زور و شور سے جاری #حقیقی_آزادی_جلسہ pic.twitter.com/iz2dnc0oD1
— Naya Pakistan (@Naya__Pakistan_) August 11, 2022
واضح رہے کہ لاہور کے ہاکی گراؤنڈ میں پی ٹی آئی کے 13 اگست کے جلسے کی تیاریاں زور و شور سے جاری ہیں، ذرائع کا کہنا ہے کہ آسٹروٹرف اپنی مدت پوری کر چکا ہے اور اب اسے لگانے والی کمپنی ہی ہٹا رہی ہے۔