تازہ ترین

اے ٹی سی مقدمات میں عمران خان کو حاضری سےاستثنیٰ مل گیا

اسلام آباد: انسداد دہشت گردی عدالت نے چیئرمین پاکستان تحریک انصاف عمران خان کی چار مقدمات میں حاضری سے استثنیٰ کی درخواست منظور کرلی۔

تفصیلات کے مطابق انسداد دہشت گردی عدالت کے جج شاہ رخ ارجمند نے پاکستان تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان کے خلاف پی ٹی وی، پارلیمنٹ اورایس ایس پی تشدد کیس کی سماعت کی۔

عدالت میں عمران خان کے خلاف مقدمات کی سماعت ہوئی تو چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کمرہ عدالت میں موجود نہیں تھے جس پر عدالت نے سماعت میں 10 بجے تک کا وقفہ کیا۔

انسداد دہشت گردی عدالت میں وقفے کے بعد دوبارہ سماعت شروع ہوئی تو عمران خان کے وکیل بابراعوان عدالت میں پیش ہوئے۔

عدالت نے پی ٹی وی، پارلیمنٹ، ایس ایس پی تشدد کیس سمیت 4 مقدمات میں عمران خان کی آئندہ سماعت پرحاضری سے استثنیٰ کی درخواست منظور کرلی۔

بعدازاں انسداد دہشت گردی عدالت نے عمران خان کے خلاف مقدمات کی سماعت 13 مارچ تک ملتوی کردی۔

خیال رہے کہ انسداد دہشت گردی عدالت میں عمران خان نے مقدمات میں حاضری سے استثنیٰ اور نمائندے کے ذریعے ٹرائل کی درخواست دی تھی۔

انسداد دہشت گردی عدالت نے 23 فروری کو چیئرمین پاکستان تحریک انصاف عمران کی حاضری سے استثنیٰ کی درخواست مسترد کردی تھی۔

یاد رہے کہ پاکستان تحریک انصاف عمران خان کو عدالت نے ان مقدمات میں ضمانت دے رکھی ہے۔


خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں۔ مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔

Comments

- Advertisement -