کراچی: انسداد دہشت گردی عدالت نے ریاست کے خلاف جنگ کرنے والے دہشت گردوں کو بڑی سزائیں سنا دیں۔
تفصیلات کے مطابق مختلف جرائم ثابت ہونے پر اینٹی ٹیررازم کورٹ نے 5 مجرموں کو سزائیں سنا دیں، زاہد اللہ عرف سلیمان اور بسم اللہ عرف حاجی لالہ کو سزائے موت دینے کا حکم دیا گیا۔
عدالت نے دونوں مجرموں پر 10،10 لاکھ روپے جرمانہ بھی عائد کیا ہے، عدالت نے دیگر جرائم میں پانچوں مجرموں کو 3،3 مرتبہ عمر قید کی سزا بھی سنا دی، دیگر 3 مجرموں میں محمد قاسم، انعام اللہ عرف بلال اور گل محمد شامل ہیں۔
دھماکا خیز مواد رکھنے کے الزام میں تمام مجرموں کو 14،14 سال قید کی سزا سنائی گئی ہے، جب کہ پولیس مقابلے اور اقدام قتل کے الزامات میں مجرموں کو مجموعی طور 13،13 سال کی سزا سنائی گئی۔
عدالت نے حکم نامے میں کہا کہ زاہد اللہ کو سندھ اسمبلی میں رکشے کے ذریعے خود کش حملہ کرنا تھا، زاہداللہ نے دوران اجلاس سندھ اسمبلی کو نشانہ بنانے کے لیے ٹیم بھی تشکیل دی تھی۔
حکم نامے کے مطابق زاہد اللہ یہ سب کچھ بسم اللہ کے کہنے پر کر رہا تھا، جب کہ کرنل بسم اللہ پہلے افغان انٹیلیجنس، اور پھر را کے لیے کام کر رہا تھا۔