اسلام آباد (12 نومبر 2025): وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطا تارڑ کا کہنا ہے کہ وانا کیڈٹ کالج میں دہشتگردوں کے خلاف پاک فوج کے آپریشن کو دنیا کی تاریخ میں یاد رکھا جائے گا۔
عطا تارڑ نے پارلیمنٹ کے باہر سے میڈیا سے گفتگو میں 27ویں آئینی ترمیم کے معاملے پر کہا کہ کاش اپوزیشن کوئی سیر حاصل گفتگو کرتی اور شق وائز بل پر بحث کرتی، بغیر پڑھے بل پر کمنٹس کرنا اور ایک بیانیہ بنانا شروع کرنا اس سے کچھ حاصل نہیں ہوگا، اپوزیشن شور و غل تو پچھلے دس بارہ سال سے کر رہی ہے۔
وانا کیڈٹ کالج پر دہشتگرد حملے کے بارے میں عطا تارڑ نے کہا کہ پاک فوج نے 500 سے زائد طلبہ کو بازیاب کیا، طلبہ کو ریسکیو کیا وہ ایک تاریخی آپریشن تھا۔
یہ بھی پڑھیں: پی ٹی آئی کی اسلام آباد اور وانا کیڈٹ کالج میں دہشتگرد حملوں کی مذمت
انہوں نے کہا کہ خدانخواستہ کوئی بڑا نقصان ہو جاتا تو آرمی پبلک اسکول (اے پی ایس) سے 10 گنا بڑا نقصان ہوتا، پاک فوج نے ایسا آپریشن کیا ہے جو دنیا کی تاریخ میں یاد رکھا جائے گا، یہ دنیا کی ملٹری اکیڈمیز میں پڑھایا جائے گا۔
ان کا کہنا تھا کہ دشمن کو پیغام ہے کہ پاکستان نے اپنے سے چار گنا بڑے دشمن کو شکست دی، دشمن مورچے چھوڑ کر بھاگ گیا یہ پراکسی وار تو ہمارے لیے کوئی مسئلہ ہی نہیں۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز سکیورٹی فورسز نے آپریشن کے دوران وانا کیڈٹ کالج پر حملہ آور تمام خوارج کو ہلاک کر کے تعلیمی ادارے کو مکمل کلیئر قرار دیا۔
سکیورٹی ذرائع نے بتایا کہ گزشتہ روز وانا کیڈٹ کالج پر حملہ کرنے کی کوشش کرنے والے دہشتگردوں کو کامیاب آپریشن کر کے ہلاک کر دیا گیا، کالج کی بلڈنگ کو بارودی سرنگوں کے خطرے کی وجہ سے کلیئر کیا جا رہا ہے اور کامیاب آپریشن میں کیڈٹ کالج کے کسی طالبعلم یا استاد کو نقصان نہیں پہنچا۔
مزید بتایا گیا کہ جنوبی وزیرستان میں وانا کیڈٹ کالج میں موجود تمام طلبہ اور اساتذہ کو بحفاظت ریسکیو کر لیا گیا، فرنٹیئر کور کے پی ساؤتھ کیڈٹ کالج میں آپریشن کی خود نگرانی کر رہے ہیں، تین خوارج جو گزشتہ روز ایڈمن بلاک تک پہنچ گئے تھے ان کو ایک بلاک تک محدود کر کے ہلاک کیا گیا۔
کالج کے ملحقہ علاقے میں بھی سرچ آپریشن کیا جا رہا ہے تاکہ وہاں اگر ان کے ساتھی یا ہینڈلر موجود ہوں تو ان کے خلاف کارروائی کی جائے۔


