کراچی: سابق ایس ایس پی ملیر راؤ انوار پر ہونے والے مشکوک خود کش حملے میں ہلاک ہونے والے شخص کی شناخت ہوگئی۔
تفصیلات کے مطابق ضلع ملیر کے سابق ایس ایس پی راؤ انوار کی مشکلات نقیب اللہ محسود کی ہلاکت کے بعد سے روز بہ روز اضافہ ہوتاجارہا ہے، تفتیشی ٹیم نے قبائلی نوجوان کو بے گناہ قرار دے دیا۔
سابق ایس ایس پی کی گاڑی پر 16 جنوری 2018 کو ملیر کے لینک روڈ پر مشکوک خود کش حملہ ہوا تھا جس وہ خود محفوظ رہے تھے البتہ حملہ آور جل کر ہلاک ہوگیا تھا۔
نقیب اللہ قتل کی تحقیقات کرنے والی ٹیم کے سربراہ ڈی آئی جی ایسٹ سلطان خواجہ اور سی ٹی ڈی کے افسران نے اس حملے کو مشتبہ قرار دیتے ہوئے تحفظات کا اظہار کیا تھا۔
سلطان خواجہ کا کہناتھا کہ ’راؤ ار پر ہونے والا حملہ مشکوک معلوم ہوتا ہے کیونکہ آج تک ایسا واقعے نہیں دیکھا کہ حملہ آور جل کر ہلاک ہوا اور اُس کا جسم بالکل سالم ہو‘۔
نمائندہ اے آر وائی کے مطابق راؤ انوار پر ہونے والے مشکوک خود کش حملے میں ہلاک ہونے والے شخصکی شناخت 34 سالہ گل سعید ولد انعام گل کے نام سے ہوئی جو کراچی کے علاقے اورنگی ٹاؤن کے مکان نمبر اے 47 فرید کالونی کا رہائشی ہے۔
مشتبہ حملہ آور کے بھائی کا دعویٰ ہے کہ ’گل سعید کراچی تا پشاور مسافر بس چلاتا تھا، اتنے روز سے وہ گھر نہیں آیا تو ہم سمجھے کہ روٹ پر گیا ہوا ہے تاہم ایدھی سرد خانے میں آج اُس کی لاش کی اطلاع ملی‘۔