کراچی : پشاور سے لائی گئی منشیات کی شہر میں رکشہ کےذریعےاسمگل کی کوشش ناکام بنادی گئی اور 3 اہم ملزمان کو رنگے ہاتھوں گرفتار کرلیا۔
تفصیلات کے مطابق کراچی میں شاہ لطیف ٹاؤن پولیس نے ایک خفیہ اطلاع پر کامیاب ٹارگٹڈ کارروائی کرتے ہوئے پشاور سے لائی گئی اعلیٰ کوالٹی کی منشیات شہر میں اسمگل کرنے کی بڑی کوشش ناکام بنا دی۔
پولیس نے رکشے کے خفیہ خانوں سے لاکھوں روپے مالیت کی منشیات برآمد کر کے 3 اہم ملزمان کو رنگے ہاتھوں گرفتار کر لیا ہے۔
ایس ایس پی ملیر عبدالخالق پیرزادہ نے بتایا کہ ایس ایچ او شاہ لطیف ٹاؤن نے منشیات فروشوں کے خلاف اس وقت چھاپہ مارا، جب ملزمان رکشے کے ذریعے منشیات کی سپلائی اور فروخت کے لیے جا رہے تھے۔
تلاشی لینے پر رکشے کے اندر بنائے گئے مخصوص خفیہ خانوں سے 24 کلو اعلیٰ کوالٹی کی چرس برآمد ہوئی۔
پولیس نے کارروائی کے دوران 3 ملزمان عظمت خان، اختر منیر اور عمران گل کو گرفتار کر کے ان کے قبضے سے موبائل فون اور کیش رقم برآمد کر لی ہے، جبکہ منشیات کی سپلائی میں استعمال ہونے والے رکشے کو بھی تحویل میں لے لیا گیا ہے۔
ایس ایس پی ملیر عبدالخالق پیرزادہ نے بتایا کہ گرفتار ملزمان نے دورانِ تفتیش اعتراف کیا ہے کہ وہ کراچی کے مختلف علاقوں میں ایک منظم اور خفیہ نیٹ ورک چلا رہے تھے۔
ملزمان کے مطابق یہ منشیات پشاور سے کراچی لائی جاتی تھی، جسے رکشے کے ذریعے شہر کے مختلف علاقوں میں مقامی منشیات فروشوں کو سپلائی اور فروخت کیا جانا تھا۔
پولیس حکام کا کہنا ہے کہ ملزمان کے خلاف ضابطے کے تحت مقدمہ درج کیا جا رہا ہے اور انہیں نیٹ ورک کے دیگر کارندوں کی گرفتاری اور مزید تفتیش کے لیے انویسٹی گیشن ونگ کے حوالے کر دیا گیا ہے۔


