کراچی : کراچی ایئرپورٹ پر جعلی پولش ورک ویزا پر یورپ جانے کی کوشش ناکام بناتے ہوئے مسافر کو حراست میں لے لیا۔
تفصیلات کے مطابق وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) امیگریشن نے کراچی ایئرپورٹ پر بڑی کارروائی کرتے ہوئے جعلی پولش ورک ویزا پر یورپ جانے کی کوشش ناکام بنا دی اور صوابی کے رہائشی مسافر داؤد خان کو حراست میں لے لیا۔
ترجمان ایف آئی اے نے بتایا کہ امیگریشن کلیئرنس کے دوران جب مسافر کے پاسپورٹ کی جانچ پڑتال کی گئی تو اس کا پولش ویزا جعلی اور کاؤنٹر فٹ (قلمی) پایا گیا۔
ویزا الٹرا وائلٹ تصدیق اور اصل سیکیورٹی فیچرز پر پورا نہیں اترا، جس پر مسافر کو فوری طور پر روک لیا گیا۔
دورانِ تفتیش ملزم نے سنسنی خیز انکشافات کرتے ہوئے اعتراف کیا کہ دو بار پولینڈ کا ویزا مسترد ہونے پر اس نے فیس بک کے ذریعے ایک ایجنٹ سے رابطہ کیا تھا۔
ملزم نے بتایا ایجنٹ نے اس سے بائننس کرپٹو کرنسی کے ذریعے 2 لاکھ 40 ہزار روپے وصول کیے، ایجنٹ نے اسے چائے کے کپوں کے اندر چھپا کر جعلی ویزا اسٹیکر اور سفارت خانے کی مہر کورئیر کے ذریعے بھیجی تھی، جس کے بعد اس نے ایجنٹ کی ہدایات پر عمل کرتے ہوئے خود ہی پاسپورٹ پر ویزا چسپاں کیا اور سفارت خانے کی جعلی مہر لگائی۔
ترجمان کا کہنا ہے کہ گرفتار مسافر کو مزید قانونی کارروائی اور تفتیش کے لیے اینٹی ہیومن ٹریفکنگ سرکل کراچی کے حوالے کر دیا گیا ہے، جبکہ مسافر، ایجنٹ اور دیگر ملوث افراد کے خلاف باقاعدہ ایف آئی آر درج کر کے نیٹ ورک کی تلاش شروع کر دی گئی ہے۔


