اوکاڑہ: پنجاب حکومت تو بدل گئی ہے لیکن پولیس کا رویہ نہیں بدلا، اوکاڑہ شہر میں ایک فیملی نے ڈکیتی کے لیے آنے والے ڈاکوؤں کو پکڑ کر پولیس کے حوالے کر دیا تاہم پولیس کے طرز عمل سے فیملی ہی مشکل میں پڑ گئی۔
اے آر وائی نیوز کے مطابق اوکاڑہ کے علاقے صابر ٹاؤن میں 5 ڈاکوؤں نے ایک گھر میں گھس کر لوٹ مار کی، ڈاکو گھر سے 8 تولے سونا، نقدی اور موبائل فونز لوٹ کر فرا ہونے لگے۔
تاہم گھر والوں کے شور شرابے پر اہل علاقہ نے 3 ڈاکوؤں کو پکڑ لیا، پکڑے گئے ڈاکوؤں سے اسلحہ بھی برآمد ہوا، لوگوں نے ان کی درگت بنا کر پولیس کے حوالے کر دیا۔
ڈاکوؤں کے پکڑے جانے، اور درگت بننے کی ویڈیو بھی اے آر وائی نیوز کو موصول ہوئی، ویڈیو میں ڈاکوؤں کے قبضے میں زیورات اور اسلحہ واضح طور پر دیکھا گیا، تاہم متاثرہ فیملی کا کہنا تھا کہ ڈاکوؤں کے قبضے سے برآمد زیورات پولیس کی جانب سے انھیں واپس نہیں کیےگئے۔
متاثرہ فیملی کے مطابق ڈاکوؤں کے قبضے سے زیورات پولیس نے برآمد کیے تھے، پولیس کو 5 ڈاکوؤں کے خلاف درخواست دی گئی تھی لیکن صرف 4 کے خلاف مقدمہ درج کیا گیا۔
متاثرہ فیملی کا کہنا ہے کہ مقامی پولیس اور اعلیٰ افسران ہماری بات نہیں سن رہے، ڈاکوؤں سے بھی دھمکیاں مل رہی ہیں، وزیر اعلیٰ پنجاب سے دخواست ہے کہ معاملے کا نوٹس لیں۔
ادھر پولیس کا کہنا ہے کہ واقعے میں فرار دیگر ملزمان کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔