اٹک : اٹک خودکش حملہ کیس میں چار اہم ملزمان گرفتار کرلئے گئے اور خودکش حملہ آور کا خاکہ بھی تیار کر لیا گیا ہے۔
تفتیشی اداروں نے سانحہ اٹک کے خود کش حملہ آور کا خاکہ تیار کرلیا ہے، حملہ آور کا خاکہ زخمیوں اور عینی شاہدین کے بیانات کی مدد سے تیار کیا گیا، خود کش حملہ آور کی عمر اٹھارہ سے چھبیس سال کے درمیان ہے۔
اٹک حملے میں ملوث ایک اور دہشت گرد اعظم کو رنگو کے علاقے میں مدرسے کے قریب سے گرفتار کیا گیا، دہشت گرد خیبر ایجنسی کا رہائشی ہے، اس سے قبل پنجاب کے انسداد دہشت گردی ڈپارٹمنٹ نے اسلام آباد کے سیکٹر ایف سیون میں مدرسے پر چھاپہ مار کر تین ملزمان کو گرفتار کرلیا، ملزمان سے اٹک خودکش حملے کے حوالے سے تفتیش کی جا رہی ہے۔
اس سے قبل بھی اٹک دھماکہ میں ملوث دو اہم ملزمان کو فیصل آباد سے گرفتار کیا گیا تھا۔
یاد رہے کہ اٹک میں صوبائی وزیر داخلہ شجاع خانزادہ کے ڈیرے پر خودکش دھماکے کے نتیجے میں صوبائی وزیر داخلہ سمیت 21 افراد ہلاک ہوگئے تھے، شجاع خانزادہ کے ڈیرے میں جس وقت دھماکہ ہوا اس وقت وہاں جرگہ ہو رہا تھا اور لوگوں کی بڑی تعداد موجود تھی، چھت گرنے کے باعث صوبائی وزیر داخلہ سمیت درجنوں افراد ملبے تلے دب گئے تھے۔
حملے کی ذمہ داری کالعدم تحریک طالبان پاکستان جماعت الاحرار نے قبول کی تھی۔