اسلام آباد : پاکستان تحریکِ انصاف کے سیکریٹری اطلاعات شیخ وقاص اکرم کی مبینہ آڈیو لیک بھی سامنے آئی ، جس میں انھوں نے دھرنے میں ناکامی کا ملبہ وزیراعلیٰ کے پی سہیل آفریدی پرڈال دیا۔
تفصیلات کے مطابق پاکستان تحریکِ انصاف کے سیکریٹری اطلاعات شیخ وقاص اکرم کی مبینہ آڈیو لیک سامنے آگئی، جس میں وہ خیبرپختونخوا کے وزیراعلیٰ سہیل آفریدی کو پارٹی دھرنے میں اراکینِ اسمبلی کی عدم موجودگی کا ذمہ دار ٹھہرا رہے ہیں۔
مبینہ آڈیو میں شیخ وقاص اکرم کا کہنا ہے کہ اگر دھرنے کی منصوبہ بندی درست ہوتی تو پارٹی کے تمام 90 اراکین اسمبلی کی موجودگی ممکن تھی۔
انہوں نے مؤقف اختیار کیا کہ اراکین کو ایک رات پہلے آگاہ کیا جانا چاہیے تھا، نہ کہ آخری وقت میں فوری پہنچنے کی ہدایات دی جاتیں۔
سیکریٹری اطلاعات کا کہنا تھا کہ کئی اراکین دور دراز حلقوں میں رہتے ہیں اور ان کے پاس ہیلی کاپٹر یا فوری سفری سہولیات موجود نہیں، جس کے باعث بروقت پہنچنا ممکن نہیں تھا۔
آڈیو میں انہوں نے صورتحال کو بدنظمی اور ناقص رابطہ کاری کا نتیجہ قرار دیا۔
یہ آڈیو لیک ایسے وقت میں سامنے آئی ہے جب بانی پی ٹی آئی اور سابق وزیراعظم عمران خان کو گزشتہ ہفتے آنکھ کے معمولی علاج کے لیے پاکستان انسٹیٹیوٹ آف میڈیکل سائنسز (پمز) منتقل کیا گیا تھا۔
وفاقی وزیر اطلاعات عطا اللہ تارڑ کے مطابق عمران خان کا ابتدائی معائنہ اڈیالہ جیل میں کیا گیا، جس کے بعد ماہرین کی ہدایت پر انہیں پمز منتقل کیا گیا، جہاں معمولی طبی عمل کے بعد وہ بحفاظت واپس جیل پہنچ گئے۔
قبل ازیں بعض میڈیا رپورٹس میں دعویٰ کیا گیا تھا کہ عمران خان کی آنکھ کی حالت تشویشناک ہے اور انہیں دائیں آنکھ میں رگ کی بندش (سی آر وی او) کا سامنا ہے، تاہم حکومت نے ان اطلاعات کی تردید کی ہے۔
عمران خان کی پمز منتقلی کے بعد وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل آفریدی سمیت پی ٹی آئی کے متعدد رہنما اڈیالہ جیل پہنچے، جہاں وزیراعلیٰ نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی سے ملاقاتیں ان کے ذاتی ڈاکٹر اور اہل خانہ کے ذریعے ہونی چاہئیں۔
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں


