لاہور : عون چوہدری نے جہانگیر ترین حکومتی شخصیات سے رابطوں اور ملاقاتوں سے آگاہ کردیا ، جس پر جہانگیر ترین نے ہدایت کی کہ گروپ متحد رہے اور مشاورت سے فیصلے کرے۔
تفصیلات کے مطابق پی ٹی آئی کے ناراض رہنما جہانگیر ترین سے عون چوہدری کا ٹیلیفونک رابطہ ہوا ، جس میں عون چوہدری نے جہانگیرخان ترین سے ان کی خیریت دریافت کی۔
رابطے میں عون چوہدری نے جہانگیر ترین کو حکومتی شخصیات سے رابطوں اور ملاقاتوں پربریف کیا اور پرویز خٹک کے رابطے سمیت ملاقات کے حوالے سے بھی آگاہ کیا۔
عون چوہدری نے بتایا کہ پرویزخٹک نے کہا ہے ابھی ترین گروپ اپنے فیصلے روک لے جبکہ ان سے ملاقات میں پنجاب میں تبدیلی کےاشارے ملے۔
ترین گروپ کے رہنما نے کہا اہم شخصیات نے ترین گروپ رہنماؤں سے ملاقات کی، جس پر جہانگیر ترین نے ہدایت کی کہ گروپ متحد رہے اور مشاورت سے فیصلے کرے۔
عون چوہدری کا کہنا تھا کہ جہانگیر ترین ڈاکٹرز کے مشورے پر ایک ہفتے میں واپس آسکتے ہیں۔
یاد رہے وفاقی وزیر دفاع پرویز خٹک نے جہانگیر ترین گروپ کے اہم رہنما عون چوہدری سے رابطہ کیا تھا ، ٹیلی فونک رابطے میں پرویز خٹک نے ارکان کی ناراضی کے معاملات پر بات چیت کی۔
جہانگیر ترین گروپ کے رہنما عون چوہدری نے حکومت سے رابطے کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ رات گئے پرویز خٹک سے رابطہ ہوا، جس میں پرویز خٹک نے ترین گروپ سےفوری طور پر انتہائی قدم نہ اٹھانے کی درخواست کی۔
ذرائع کا کہنا تھا کہ پرویز خٹک نے عون چوہدری سے کہا کہ اہم فیصلے روک لیں،جلد اہم ہیش رفت سے آگاہ کریں گے۔