مانچسٹر: ورلڈکپ 2019 کے 45ویں میچ میں جنوبی افریقا نے آسٹریلیا کو جیت کے لیے 326 رنز کا ہدف دے دیا۔
تفصیلات کے مطابق ورلڈکپ کا آج ہونے والا مقابلہ مانچسٹر کے اسٹیڈیم میں کھیلا جارہا ہے جہاں دفاعی چیمپئن آسٹریلیا اور ساؤتھ افریقا کی ٹیمیں مدِ مقابل ہیں۔
جنوبی افریقا کی ٹیم کے کپتان فاف ڈوپلیسی نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا جو اچھا تو نہیں البتہ بہتر ضرور ثابت ہوا، پروٹیز کی جانب سے اننگز کا آغاز مارکرم اور ڈی کک نے کیا۔
جنوبی افریقاکی پہلی وکٹ بارہویں اوور میں 79 کے مجموعی اسکور پر گری، بعد ازاں ڈی کک نے نصف سنچری بنائی اور 52 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے، فاف ڈوپلیسی اور ڈیر ڈوسین نے شاندار بیٹنگ کی اور تیسری وکٹ کے درمیان 151 رنز کی پارٹنر شپ بنا کر ٹیم کی پوزیشن مضبوط کی۔
فاف ڈوپلیسی 100 کے انفرادی جبکہ 265 کے مجموعی اسکور پر آؤٹ ہوکر پویلین روانہ ہوئے، جنوبی افریقا کی چوتھی وکٹ 295، پانچویں 317 اور چھٹی 325 پر گری۔ فاف ڈوپلیسی نمایاں بلے باز رہے جبکہ آسٹریلیا کے اسٹارک اور لیون نے دو دو وکٹیں حاصل کیں۔
یاد رہے کہ ورلڈکپ کے بڑے ایونٹ میں آج 2 میچز کھیلے جارہے ہیں، پہلے میچ میں سری لنکا اور بھارت جبکہ دوسرے میچ میں آسٹریلیا اور جنوبی افریقہ کی ٹیمیں آمنے سامنے ہیں۔
آسٹریلیا اور بھارت دونوں ٹیمیں ورلڈ کپ کے سیمی فائنل تک رسائی حاصل کرچکی ہیں۔ پوائنٹس اسکورننگ ٹیبل پر بھارت 8 میں سے 6 میچز جیت کر ٹیبل پر دوسری پوزیشن پر موجود ہے۔
دوسری جانب سری لنکا نے ٹورنامنٹ میں اب تک 8 میچز کھیلے جس میں سے 3 میں شکست اور 3 میں فتح حاصل کی۔ اگر بھارت کی ٹیم سری لنکا کو میچ میں ہرا دیتی ہے تو اس کے پوائنٹس کی تعداد 15 ہوجائے گی اور وہ پوائنٹس ٹیبل پر پہلی پوزیشن پر آجائے گی۔