ایڈیلیڈ میں کھیلے گئے پنک بال ٹیسٹ میں آسٹریلیا نے بھارت کا غرور خاک میں ملا دیا اور تیسرے دن کے پہلے سیشن میں میچ جیت لیا۔
آسٹریلیا اور بھارت کے درمیان پانچ ٹیسٹ میچوں کی سیریز کا دوسرا میچ ایڈیلیڈ میں کھیلا گیا جس کا فیصلہ صرف سات سیشن میں ہوگیا۔ میزبان ٹیم نے بھارت کو 10 وکٹوں سے شکست دے کر سیریز ایک، ایک سے برابر کر دی۔
ایڈیلیڈ ٹیسٹ میں آسٹریلیا تمام وقت بھارت پر حاوی رہا اور بولنگ، بیٹنگ، فیلڈنگ میں مہمان ٹیم کو آؤٹ کلاس کیا۔ اس میچ کپتان روہت شرما کا بیٹنگ آرڈر تبدیل کرنا بھی کام نہ آیا اور وہ بری طرح ناکام رہے۔ ویرات کوہلی بھی بڑا اسکور نہ کر سکے۔ دونوں اننگز میں بھارت کی جانب سے ایک نصف سنچری بھی نہ بن سکی۔
ٹیسٹ میچ کے تیسرے روز بھارتی ٹیم دوسری اننگ میں 175 رنز پر ڈھیر ہوگئی اور آسٹریلیا کو جیت کے لیے 19 رنز کا ہدف ملا، جو کینگروز نے بغیر کوئی وکٹ کھوئے حاصل کر لیا۔ ٹریوس ہیڈ کو پہلی اننگ میں شاندار سنچری اسکور کرنے پر میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔
بھارت کو دوسری اننگ میں قابو کرنے میں اہم کردار کپتان پیٹ کمنز کا رہا جنہوں نے 5 وکٹیں حاصل کیں۔ اسکاٹ بولینڈ 3 اور مچل اسٹارک نے دو وکٹیں حاصل کیں۔
اس سے قبل پہلے روز بھارت نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا جو غلط ثابت ہوا۔ پوری ٹیم ہی صرف 180 رنز پر ڈھیر ہوگئی۔ نتش کمار ریڈی 42 رنز بنا کر ٹاپ اسکورر رہے۔
آسٹریلیا کی جانب سے سب سے کامیاب بولر مچل اسٹارک رہے، جنہوں نے 6 وکٹیں حاصل کیں۔ پیٹ کمنز اور اسکاٹ بولینڈ نے دو، دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔
آسٹریلیا نے پہلی اننگ میں 337 رنز بنا کر بھارت پر 193 رنز کی برتری حاصل کی۔ ٹریوس ہیڈ نے پنک بال ٹیسٹ کی تیز ترین سنچری اسکور کی اور 141 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔ مارنوس لبھوشن نے 64 رنز بنائے۔
واضح رہے کہ پرتھ میں کھیلے گئے پہلے ٹیسٹ میچ میں بھارت نے آسٹریلیا کو 295 رنز سے ہرا کر ایک صفر کی برتری حاصل کی تھی اور ایڈیلیڈ میں آسٹریلیا کی کامیابی سے پانچ ٹیسٹ میچوں کی سیریز ایک، ایک سے برابر ہوگئی ہے۔ تیسرا ٹیسٹ میچ 14 دسمبر سے برسبین میں کھیلا جائے گا۔