پرتھ (19 اکتوبر 2025): پانچ ون ڈے میچوں کی سیریز کے پہلے میچ میں آسٹریلیا نے بھارت کو با آسانی شکست دے کر ایک صفر کی برتری حاصل کر لی۔
بارش سے متاثرہ میچ کو 26، 26 اوورز تک محدود کر دیا گیا تھا۔ آسٹریلیا نے بھارت کی جانب سے دیا گیا 137 رنز کا ہدف با آسانی 3 وکٹوں کے نقصان پر 21.1 اوورز میں حاصل کر لیا۔
آسٹریلیا کی پہلی وکٹ 10 اور دوسری وکٹ 44 رنز پر گری۔ تاہم اس موقع پر کپتان مچل مارش اور جوش فلپ کے درمیان 55 رنز کی پارٹنر شپ قائم ہوئی۔ جوش فلپ 37 رنز پر آؤٹ ہوئے تو اس کے بعد میٹ رینشا نے مچل مارش کے ساتھ مل کر ہدف حاصل کیا۔ دونوں نے بالترتیب 21 اور 46 رنز کی اننگز کھیلیں۔
بھارت کی جانب سے ارشدیپ سنگھ، اکشر پٹیل اور واشنگٹن سندر نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔
اس سے قبل آسٹریلیا نے ٹاس جیت کر بھارت کو بیٹنگ کی دعوت دی تو بھارتی بیٹنگ لائن آسٹریلوی بولرز کے سامنے ریت کی دیوار ثابت ہوئی اور بڑے ناموں سے سجی بلیو شرٹس ٹیم مقررہ 26 اوورز میں 9 وکٹوں پر صرف 136 رنز ہی بنا سکی۔
بھارت کی 13 رنز پر پہلی وکٹ روہت شرما کی گری جو صرف 8 رنز بنا سکے، سپر اسٹار ویرات کوہلی طویل عرصہ بعد انٹرنیشنل کرکٹ میں واپسی کو یادگار نہ بنا سکے اور ڈک پر پویلین لوٹ گئے۔ کے ایل راہول 38 رنز بنا کر ٹاپ اسکورر رہے جب کہ اکشر پٹیل 31 رنز اسکور کیے۔
آسٹریلیا کی جانب سے جوش ہیزل ووڈ، مچل اوین اور میتھو کوھنیمن نے دو، دو جب کہ ناتھن ایلس اور مچل اسٹارک نے ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔
کینگروز نے 137 رنز کے ہدف کے تعاقب میں تین وکٹوں کے نقصان پر 100 رنز بنا لیے ہیں۔
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں


