اتوار, مارچ 15, 2026
اشتہار

آسٹریلیا نے اسرائیلی انفلوئنسر کا ویزا منسوخ کر دیا

اشتہار

حیرت انگیز

سڈنی (29 جنوری 2026): آسٹریلیا نے اسلام مخالف بیانات پر اسرائیلی انفلوئنسر سیمی یہود کا ویزا منسوخ کر دیا۔

الجزیرہ اور دیگر میڈیا ایجنسیوں کے مطابق آسٹریلیا نے اسلام کے خلاف مہم چلانے والے ایک اسرائیلی سوشل میڈیا انفلوئنسر سیمی یہود کا ویزا منسوخ کر دیا ہے، اور کہا ہے کہ ایسے افراد کو ملک میں داخل ہونے کی اجازت نہیں دی جائے گی جو نفرت پھیلانے کے لیے آتے ہیں۔

آسٹریلیا کے وزیرِ داخلہ ٹونی برک نے منگل کے روز ایک بیان میں کہا کہ ’’نفرت پھیلانا آسٹریلیا آنے کی کوئی اچھی وجہ نہیں ہے۔‘‘ برک نے اے ایف پی نیوز ایجنسی کو دیے گئے بیان میں کہا کہ جو لوگ آسٹریلیا آنا چاہتے ہیں وہ صحیح ویزا کے لیے درخواست دیں اور صحیح وجوہ کی بنا پر آئیں، نفرت پھیلانا کوئی اچھی وجہ نہیں ہے۔

یہ بیان اس وقت سامنے آیا جب انفلوئنسر سیمی یہود نے اعلان کیا کہ اسرائیل سے اس کی پرواز روانہ ہونے سے صرف تین گھنٹے قبل اس کا ویزا منسوخ کیا گیا۔

نیتن یاہو کا غزہ کا کنٹرول چھوڑنے سے صاف انکار

ویزا منسوخ ہونے سے چند گھنٹے قبل یہود نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر لکھا تھا ’’اسلام کے مطابق اسلام غیر مسلموں، مرتدین، خواتین کے حقوق، بچوں کے حقوق یا ہم جنس پرستوں کے حقوق کو برداشت نہیں کرتا۔‘‘ اسرائیلی انفلوئنسر نے اپنی نفرت کا مزید اظہار کرتے ہوئے امن اور سلامتی کے دین کو نفرت پھیلانے والا نظریہ قرار دیا۔

واضح رہے کہ آسٹریلیا نے رواں ماہ کے آغاز میں نفرت پر مبنی جرائم کے قوانین کو سخت کر دیا ہے، یہ اقدام سڈنی کے بونڈی بیچ پر ایک یہودی تقریب کے دوران ہونے والی فائرنگ کے واقعے کے بعد کیا گیا، جس میں 15 افراد ہلاک ہو گئے تھے۔

سیمی یہود برطانیہ کا رہائشی ہے اور حال میں وہ اسرائیلی شہریت حاصل کرنے والا ہے، اس نے ایک حالیہ پوسٹ میں امریکی رکن کانگریس الہان عمر کی ملک بدری کی بھی حمایت کی تھی جو کہ صومالی نژاد امریکی اور مسلمان ہیں۔ ایک اور پوسٹ میں اس نے اقوام متحدہ کے فلسطینی پناہ گزینوں کے ادارے (یو این آر ڈبلیو اے) کا مذاق اڑایا، جو مقبوضہ مغربی کنارے، غزہ، اردن، شام اور لبنان میں فلسطینیوں اور فلسطینی پناہ گزینوں کے لیے امدادی کاموں کی نگرانی کرتا ہے۔

آسٹریلیا کا ویزا منسوخ ہونے کے باوجود یہود نے کہا کہ وہ اسرائیل سے ابوظبی پہنچا، لیکن اسے میلبورن جانے والی کنیکٹنگ پرواز میں سوار ہونے سے روک دیا گیا۔ اس نے ایکس پر لکھا ’’مجھے غیر قانونی طور پر آسٹریلیا میں داخلے سے روکا گیا ہے، اور میں اس کے خلاف کارروائی کروں گا۔‘‘

اسکائی نیوز آسٹریلیا کے مطابق وزیر ٹونی برک اس سے قبل اسرائیلی نژاد امریکی کارکن اور ٹیکنالوجی کے کاروباری شخصیت ہلیل فلڈ کا وزیٹر ویزا بھی اس کی ’’اسلاموفوبک بیان بازی‘‘ کے باعث منسوخ کر چکے ہیں۔ اسی طرح اسرائیل کی انتہائی دائیں بازو کی رکن پارلیمنٹ سمچا روتھمن کا ویزا بھی منسوخ کیا گیا تھا۔

+ posts

اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں