تازہ ترین

آسٹریلیاکا ٹی 20 کرکٹ میں نیا ریکارڈ

پالی کیلے : آسٹریلیا نے سری لنکا کے خلاف تین وکٹوں پر 263 رنز بنا کر بین الاقوامی ٹی 20 کرکٹ کا نیا ریکارڈ قائم کر دیا۔

تفصیلات کے مطابق ریکارڈ بنانے کے ساتھ ساتھ آسٹریلیا نے سری لنکا کو مقررہ 20 اووروں میں نو وکٹوں پر صرف 178 رنز بنانے دیے اور میچ 85 رنز سے جیت لیا۔

آسٹریلیا کی اننگز کے دوران آل راؤنڈر گلین میکس ویل نے صرف 65 گیندوں پر نا قابلِ شکست 145 رنز بنائے جبکہ دیگر کھلاڑیوں میں ہیڈ نے 45، عثمان خواجہ نے 36 اور وارنر نے 28 رنز بنائے۔

سری لنکا کی طرف سے سینانائیکے، پریرا اور پاتھی رانا نے ایک ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔

سری لنکا کی ٹیم مقررہ 20 اووروں میں 9 وکٹوں کے نقصان پر صرف 178 رنز بناسکی.سری لنکن ٹیم کی طرف سے چندیمل 58 اور کاپوگیدیرا 43 رنز بنا کر نمایاں سکورر رہے۔

آسٹریلوی بالروں میں سے اسٹارک اور بولینڈ نے تین تین کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا جبکہ فاکنر، ہینریکے اور زیمپا نے ایک ایک وکٹ لی۔

یاد رہے اس سے پہلے سری لنکا نے 2007 میں کینیا کے خلاف 260 رنز بنا کر ٹی 20 کرکٹ میں سب سے بڑی اننگز کا ریکارڈ قائم کیا تھا۔

مزید پڑھیں: انگلینڈ نے ون ڈے سیریز جیت لی، پاکستان کو 169رنز سے شرمناک شکست

 واضح رہے کہ اس سے صرف آٹھ روز پہلے انگلینڈ کی ٹیم نے پاکستان کے خلاف 444 رنز بنا کر ایک روزہ میچوں میں سب سے زیادہ رنز بنانے کا ریکارڈ قائم کیا.انگلینڈ نے بھی سری لنکا کا قائم کیا ہوا ریکارڈ توڑا تھا۔

Comments