سڈنی: آسٹریلیا کے سمندر میں سرفنگ کے دوران شارک نے حملہ کردیا جس کے باعث سرفر شدید زخمی ہوگیا۔
شارک مچھلیاں آبی حیات میں سب سے خطرناک تصور کی جاتی ہیں، جو دیگر جانداروں کے علاوہ کئی انسانوں کی جانیں بھی لی چکی ہیں۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے کا کہنا ہے کہ ایک آسٹریلوی سرفر شارک کے حملے سے زخمی ہوگیا جبکہ جس پر وہ سرفنگ کررہے تھے اس بورڈ کا کچھ حصہ شارک کے حملے سے متاثر بھی ہوا۔
آسٹریلوی سرفر کی مدد کے لیے ساحل پر موجود ان کے دوست فوری طور پر انہیں ساحل تک لائے جس کے بعد انہیں ایئر ایمبولینس کے ذریعہ اسپتال منتقل کیا گیا۔
ان کے زخموں کی گہرائی کا اندازہ لگایا جارہا ہے تاہم ڈاکٹروں کا کہنا ہے کہ وہ خطرے سے باہر ہیں، مقامی انتظامیہ نے ساحل کو عوام کے لیے بند کردیا اور شارک کی تلاش کا کام شروع کردیا۔
آسٹریلیا کے سمندر میں اٹھنے والی بلند لہروں پر ایڈونچر کرنے والے کئی سرفر شارک کے حملوں سے بال بال بچ چکے ہیں، جبکہ متعدد شدید زخمی بھی ہوئے۔
شارک نے اکتالیس سالہ شخص کی ٹانگوں پر حملہ کیا جس کے باعث وہ شدید زخمی ہوئے، یہ رواں سال شارک کا تیسرا حملہ ہے۔
خیال رہے کہ جون 2016 میں آسٹریلیا میں ورلڈ سرفنگ لیگ کے دوران شارک نے سرفر پر حملہ کردیا تھا خوش قسمتی سے سرفر محفوظ رہے۔