سڈنی : آسٹریلیا میں پولیس نے کامیکاب کارروائی کرتے ہوئے 17 ارب روپے مالیت کی ریکارڈ مقدار میں ہیروئن ضبط کرکے ایک ملزم کو گرفتار کرلیا۔
تفصیلات کے مطابق آسٹریلیا میں پولیس نے ملک میں اب تک کی سب بڑی ہیروئن کی کھیپ پکڑنے کا دعویٰ کیا ہے، حکام کا کہنا ہے کہ ملائیشیا سے تعلق رکھنے والے شخص کو گرفتار کرلیا گیا ہے۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق پولیس کی جانب سے پکڑی جانے والی ہیروئن کا تخمینہ 10 کروڑ 40 لاکھ ڈالر (17 ارب 80 کروڑ 48 لاکھ پاکستانی روپے) لگایا گیا ہے۔
کارروائی کے دوران پولیس نے ہیروئن کی اسمگلنگ کے الزام میں ملائیشیا سے تعلق رکھنے والے ایک شخص کو حراسے میں لے لیا ہے۔ علاوہ ازیں پولیس کے مطابق ملائیشیا سے بھیجے گئے سیرامک ٹائلوں کے سمندری مال بردار کنٹینر میں 450 کلو گرام ہیروئن پائی گئی۔
پولیس حکام نے حراست میں لینے والے شخص کا نام ظاہر نہیں کیا تاہم انہوں نے کہا کہ اس ضمن میں مزید تفتیش جاری ہے اور مزید پیش رفت سے متعلق میڈیا کو آگاہ کیا جائے گا۔
پولیس کے مطابق زیر حراست شخص پر الزام ثابت ہونے کی صورت میں زیادہ سے زیادہ سزا عمر قید ہوگی لیکن اس سے قبل نیٹ ورک کو بے نقاب کرنے کے لیے مزید محنت کرنی ہوگی۔
آسٹریلوی فیڈرل پولیس کمشنر سدرن کمانڈ کریسی بیریٹ نے کہا کہ آسٹریلوی فیڈرل پولیس رائل ملائیشیا پولیس ( آر ایم پی) کے ساتھ کام کر رہی تھی۔ انہوں نے ایک بیان میں کہا کہ ہم بین الاقوامی منظم جرائم کے نیٹ ورک کی شناخت اور اس کے بے نقاب کرنے کے لیے مل کر کام کررہے ہیں، جرائم پیشہ عناصر کے سدباب کے لیے ہر ممکن وسائل بروئے کار لائیں گے۔
ان کا کہنا تھا کہ منشیات دونوں ممالک کی نئی نسل کو نقصان پہنچا رہی ہے اور ملوث افراد مجرمانہ سرگرمیوں سے لاکھوں ڈالر کا منافع کماتے ہیں۔
پولیس کے مطابق ہیروئن قبضے میں لے کر انہوں نے 225 جانیں بچائیں ہیں۔ پولیس کا خیال ہے کہ آسٹریلیا میں ہر دوکلو گرام ہیروئن کے استعمال سے ایک شخص کی موت ہوجاتی ہے۔