تازہ ترین

حکومت کا ججز کے خط پر انکوائری کمیشن بنانے کا اعلان

اسلام آباد: وفاقی حکومت نے اسلام آباد ہائی کورٹ...

فوجی عدالتوں سے 15 سے 20 ملزمان کے رہا ہونے کا امکان

اسلام آباد : اٹارنی جنرل نے فوجی عدالتوں سے...

ورلڈ کپ: انگلینڈ فائنل میں پہنچ گیا، دفاعی چیمپئن آسٹریلیا کو 8 وکٹوں سے شکست

برمنگھم: ورلڈ کپ کے دوسرے سیمی فائنل میچ میں میزبان انگلینڈ نے دفاعی چیمپئن آسٹریلیا کو 8 وکٹوں سے شکست دے کر فائنل تک رسائی حاصل کرلی، جیسن رائے نے 85 رنز کی شاندار اننگز کھیلی، کرس ووکس کو تین وکٹیں حاصل کرنے پر میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔

تفصیلات کے مطابق ورلڈ کپ کے دوسرے سیمی فائنل میچ میں میزبان انگلینڈ نے کینگروز کی جانب سے دیا جانے والا 224 رنز کا ہدف 32.1 اوورز میں دو وکٹوں کے نقصان پر حاصل کرلیا، فائنل میں انگلینڈ کا مقابلہ نیوزی لینڈ سے 14 جولائی کو ہوگا۔

ہدف کے تعاقب میں انگلش اوپنرز جیسن رائے اور جونی بیرسٹو کے درمیان 124 رنز کی شاندار شراکت داری قائم ہوئی، جونی بیرسٹو 34 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔

جیسن رائے نے 65 گیندوں پر 85 رنز کی شاندار اننگز کھیلی، ان کی اننگز میں 5 بلند و بالا چھکے اور 9 چوکے شامل تھے، جیسن رائے کو پیٹ کمنز نے آؤٹ کیا۔

جو روٹ 49 اور انگلش کپتان اوئن مورگن 45 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔

ورلڈ کپ کے کامیاب بولر مچل اسٹارک 8 اوورز میں 64 رنز دے کر صرف ایک وکٹ حاصل کرسکے، پیٹ کمنز نے بھی ایک وکٹ حاصل کی۔

اس سے قبل آسٹریلوی ٹیم 49 اوورز میں 223 رنز پر ڈھیر ہوگئی تھی اور انگلینڈ کو جیت کے لیے 224 رنز کا ہدف دیا تھا، کرس ووکس اور عادل راشد نے تین، تین وکٹیں حاصل کیں۔

آسٹریلیا نے پانچ کھلاڑی ڈبل فگر میں بھی داخل نہ ہوسکے، کینگروز کی پہلی وکٹ 4 رنز پر گری جب کپتان ایرون فنچ بغیر کوئی رن بنائے پویلین لوٹ گئے، ڈیوڈ وارنر 9 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔

اسٹیو اسمتھ 85 رنز کی اننگز کھیل کر رن آؤٹ ہوئے، ہینڈزکومب 4 رنز بنا کر کرس ووکس کا نشانہ بنے، ایلکس کیری 46 رنز بنا کر نمایاں رہے۔

مارکس اسٹونس کو عادل راشد نے صفر پر پویلین بھیج دیا، گلین میکسویل 22 رنز بنا کر جوفرا آرچر کا نشانہ بنے، پیٹ کمنز 6 رنز بناسکے۔

فاسٹ بولر مچل اسٹارک نے 29 رنز بنائے انہیں کرس ووکس نے آؤٹ کیا، بھیندروف ایک رن بنا کر پویلین لوٹ گئے۔

انگلینڈ کے کرس ووکس اور عادل راشد نے تین، تین وکٹیں حاصل کیں، جوفرا آرچر نے دو کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی، مارک ووڈ ایک وکٹ حاصل کرسکے۔

اس سے قبل ورلڈکپ 2019 کے دوسرے سیمی فائنل میں دفاعی چیمپئن آسٹریلیا نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا تھا۔

آسٹریلیا کو ورلڈکپ میں انگلینڈ پر واضح برتری حاصل ہے جہاں انہیں دو شکست کا سامنا کرنا پڑا جبکہ انگلینڈ کو 3 میچز میں شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا۔

دفاعی چیمپئن آسٹریلیا کو سب سے زیادہ 5 ورلڈکپ جیتنے کا اعزاز حاصل ہے، اس کے علاوہ سیمی فائنل میں کبھی شکست کا سامنا نہیں کرنا پڑا اور 7 فائنلز میں صرف 2 مرتبہ شکست ہوئی۔

Comments

- Advertisement -