سڈنی : آسٹریلوی وزیر اعظم میلکم ٹرن بل نے کہا ہے کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ میڈیا پر تنقید کرنا چھوڑ دیں ، ایسا کرکے وہ اپنا وقت ضائع کر ریے ہیں۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق سڈنی میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے آسٹریلوی وزیر اعظم ٹرن بل نے ٹرمپ کو کہا کہ میڈیا کو تنقید کا نشانہ بنانا چھوڑ دیں، ٹرن بل نے سابق برطانوی وزیراعظم ونسٹن چرچل کی مثال دیتے ہوئے کہا کہ سیاستدانوں کو میڈیا کا مقابلہ ایسے کرنا چاہیے، جیسے ملاح سمندری لہروں کا کرتے ہیں۔
آسٹریلوی وزیر اعظم نے مزید کہا کہ امریکی صدر کو چاہیئے کہ وہ میڈیا پر سے اپنی توجہ ہٹا لیں۔
انکا مزید کہنا تھا کہ میڈیا پر تنقید کا کوئی بڑا فائدہ نہیں ہے، اور یہ میڈیا ہی ہے، جس کے ساتھ ہم رہتے ہیں اور اپنا پیغام عوام تک پہنچاتے ہیں، میں آپ سب کی توجہ کیلئے شکریہ ادا کرتا ہوں۔
خیال رہے کہ ٹرمپ صدر کا عہدہ سنبھالنے کے بعد سے اپنی انتظامیہ کی کوریج پر میڈیا کو شدید تنقید کا نشانہ بنا رہے ہیں، جمعرات کو امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ نے اپنے اور روس کے درمیان مبینہ رابطوں سے متعلق رپورٹوں پر میڈیا کو تنقید کا نشانہ بنایا۔
انھوں نے کہا کہ ذرائع ابلاغ کے جھوٹے ادارے اپنے سازشی نظریات اور کھلی نفرت پر مبنی باتیں پھیلانے میں مصروف ہیں۔
یاد رہے کہ اس سے قبل رواں ماہ کے آغاز میں امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ آسٹریلوی وزیراعظم میلکم ٹرن بال کیساتھ ٹیلی فون پر گفتگو کرتے ہوئے چلااٹھے اور فون غصے میں بند کردیا، کال ایک گھنٹہ تک چلنا تھی تاہم 25منٹ ہی با ت ہوسکی ،ٹرمپ کا کہنا تھا کہ وہ آسٹریلوی مہاجرین کو قبول کرنے کے احمقانہ معاہدے پر نظر ثانی کریں گے جبکہ آسٹریلوی وزیراعظم گارنٹی چاہتے تھے کہ اوباما کے کئے معاہدے پر عملدرآمد یقینی بنایا جائے۔