فلم ’ایونجرز: ڈومز ڈے‘ کا نیا ٹریلر جاری کر دیا گیا ہے جس نے ناظرین کو بری طرح چونکا دیا ہے۔
فلم ٹریلر میں چونکانے والی بات یہ ہے کہ اس بار ایونجرز کی اس مووی میں آپ کو ایک ’’ٹوٹے ہوئے‘‘ ڈاکٹر ڈوم کی جھلک دکھائی دے گی، اور ڈاکٹر ڈوم کو بالآخر ناظرین بہت قریب سے دیکھ پائیں گے۔
فلم میں رابرٹ ڈاؤنی جونیئر ولن کے کردار میں نظر آئیں گے، جس کا سامنا ایک پوری سنیماٹک یونیورس سے ہوگا۔ ’ایونجرز: اِنڈگیم‘ کے بعد وہ پہلی مرتبہ مارول سنیماٹک یونیورس میں واپس آ رہے ہیں۔
یہ وہی ٹریلر ہے جو گزشتہ ماہ سان ڈیاگو کامک کان میں دکھائی گئی تھی، تاہم جمعہ کی شب سے اسے عام ناظرین کے لیے بھی جاری کر دیا گیا ہے۔ گزشتہ روز 14 اگست کو ڈزنی کے D23 پروگرام میں اسے پیش کیا گیا۔
دل چسپ بات یہ ہے کہ ٹریلر کی اسکریننگ سے قبل ہف جیکمین المعروف ’ولورین‘ کی وہ ویڈیو بھی دکھائی گئی جو انھوں نے اس تقریب کے لیے بنا کر بھیجی تھی، اس ویڈیو میں وہ فلم کے بارے میں بات کرتے ہیں لیکن ان کے ساتھ ہی کھڑا ڈیڈپول (جو ویڈیو میں نظر نہیں آتا) بار بار انھیں ٹوکتے یا سرگوشی کرتے رہتے ہیں۔
ڈیڈپول انھیں بتاتا رہتا ہے کہ انھیں کیا کہنا ہے اور دونوں کے درمیان بحث ہوتی رہتی ہے، ڈیڈ پول نے کہا ’’میں نے بس خیریت دریافت کرنے کے لیے رابطہ کیا تھا، بس یہ سوچ رہا تھا کہ کیا شاید آپ کو کاسٹ میں مزید افراد شامل کرکے اسے مکمل کرنے میں کچھ مدد درکار ہو؟‘‘ جیک مین کہتے ہیں ’’میں اس میں شامل ہونا پسند کروں گا، اور شاید میں ریان کو بھی ’ایونجرز: ڈومز ڈے‘ میں نظر آنے پر آمادہ کر سکوں۔‘‘
واضح رہے کہ روسو برادران اس فلم کی ہدایت کاری کر رہے ہیں، جس میں ایک بہت بڑی کاسٹ شامل ہے۔ اس میں 2000 کی دہائی کی اصل ’ایکس مین‘ فلموں کے اسٹارز مثلاً پیٹرک اسٹیورٹ اور ایان میک کیلن بھی شامل ہیں۔ اسی طرح اصل ’ایونجرز‘ کاسٹ سے کرس ایونز اور کرس ہیمسورتھ، فلم ’بلیک پینتھر‘ سے لیٹیشیا رائٹ اور ونسٹن ڈیوک، جب کہ مارول سنیماٹک یونیورس میں بعد میں شامل ہونے والے اداکاروں میں ’شانگ چی‘ کے سیمو لیو اور ’فینٹاسٹک فور: فرسٹ اسٹیپس‘ کے پیڈرو پاسکل، وینیسا کربی، ایبن موس-باچراک اور جوزف کوئن شامل ہیں۔
اس کے علاوہ کیپٹن امریکا کے اداکار انتھونی میکی اور ’اینٹ مین‘ کے اداکار پال رڈ بھی فلم کا حصہ ہیں۔ ’تھنڈربولٹس‘ کے اداکار سیبسٹین اسٹین، فلورنس پیو، وائٹ رسل اور ڈیوڈ ہاربر بھی فلم میں شامل ہیں۔
مارول نے اب تک فلم کی چند جھلکیاں عوام کے سامنے پیش کی ہیں۔ 2025 کے اواخر اور 2026 کے اوائل میں کرداروں پر مبنی متعدد ٹیزرز جاری کیے گئے تھے، جب کہ جولائی میں ایک ٹریلر بھی جاری کیا گیا۔
سنیماؤں میں اس فلم کی نمائش کی تاریخ 18 دسمبر مقرر کی گئی ہے۔


