دبئی: ایشیا کپ کے سپر 4 راؤنڈ میں کل کھیلے جانے والے پاکستان کیخلاف میچ سے قبل بھارتی ٹیم کو بھی بڑا دھچکا لگا ہے۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق فاسٹ بالر آویش خان پاکستان کے خلاف میچ سے باہر ہوگئے ہیں، آویش خان وائرل بخار میں مبتلا ہیں جس کے باعث وہ بھارتی ٹیم کے اگلے میچ میں شرکت نہیں کر سکیں گے۔
بی سی سی آئی کے ایک عہدیدار نے بتایا کہ آویش خان کی طبیعت ٹھیک نہیں ہے اور میڈیکل ٹیم ان کے ساتھ باقاعدگی سے کام کر رہی ہے، اگر وہ میچ سے قبل ٹھیک نہیں ہوئے تو یہ بھارتی ٹیم کے لیے پاکستان کے خلاف بڑا نقصان ہوگا۔
انہوں نے کہا کہ آویش خان بھارت کے واحد باؤلر ہیں جو ایشیا کپ 2022 کے دوران 140 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے باؤلنگ کررہے ہیں۔
خیال رہے کہ بھارتی تیم کے آل راؤنڈر رویندرا جدیجا بھی انجری کے باعث ایشیا کپ سے باہر ہوگئے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: پاک بھارت میچ سے قبل قومی ٹیم کو ایک اور دھچکا
ایشیا کپ میں روایتی حریف بھارت کے خلاف اہم میچ سے قبل قومی ٹیم کے فاسٹ بولر شاہنواز دہانی بھی سائیڈ اسٹرین انجری کا شکار ہوگئے ہیں ، انجری کے باعث وہ بھارت کیخلاف میچ میں شرکت نہیں کرسکیں گے۔