تازہ ترین

کراچی میں پولیس کا برطرف اہلکار 2 ساتھیوں سمیت گرفتار

کراچی: شہر قائد میں اینٹی وائلنٹ کرائم سیل نے بلدیہ ڈویژن میں کامیاب کارروائی کرتے ہوئے برطرف پولیس اہلکار کو 2 ساتھیوں سمیت گرفتار کرلیا۔

اے آر وائی نیوز کی رپورٹ کے مطابق اینٹی وائلنٹ کرائم سیل (اے وی ایل سی) نے بلدیہ ٹاؤن میں کامیاب کارروائی کرتے ہوئے موٹر سائیکل لفٹنگ کا بلوچستان پولیس کا برطرف اہلکار 2 ساتھیوں سمیت گرفتار کرلیا گیا۔

اے وی ایل سی حکام کے مطابق ملزمان سے اسلحہ اور چوری کی 9 موٹر سائیکلیں برآمد کرلی گئی ہیں، ملزمان میں حاجی خان، رمضان اور جاوید شامل ہیں۔

پولیس کے مطابق ملزمان موٹر سائیکلیں چوری کرکے یوسف گوٹھ میں کھولتے تھے، چوری کی موٹر سائیکل بلوچستان بھی منتقل کی جاتی تھیں۔

اس سے قبل  شیرشاہ پولیس نے کامیاب کارروائی کرتے ہوئے شراب چوری میں ملوث کسٹمز ملازم سمیت 2 افراد کو حراست میں لے لیا، گرفتار کسٹم ملازم نے دوران تفتیش حیران کن انکشافات کیے ۔

ایس ایس پی ویسٹ شوکت کھٹیان کے مطابق کسٹم ویئر ہاؤس کے 7 ملازم کئی سال تک شراب چوری کرتے رہے، چوری کی گئی شراب ماہانہ لاکھوں روپے میں فروخت کی جاتی تھی۔

ایس ایس پی ویسٹ کا کہنا تھاکہ شراب سپلائی کے لیے یونس کو عارضی طور پر ایک رکشہ دیا جاتا تھا، گرفتار ملزمان میں سرغنہ یونس، ساتھی خالد شامل تھے۔

شوکت کھٹیان کے مطابق ماسٹر مائنڈ یونس کسٹمز ویئر ہاؤس میں بطور چوکیدار ملازمت کرتا ہے، ملزم کو 83 غیرملکی شراب کی بوتلوں کے ساتھ گرفتار کیا گیا۔

Comments