تازہ ترین

پاکستان سپر لیگ 5 میں منشیات کے خلاف آگاہی مہم چلائی جائے گی

اسلام آباد: ملک سے منشیات کے خاتمے کے لیے وزارت انسداد منشیات اور پاکستان کرکٹ بورڈ کے درمیان اتفاق، پاکستان سپر لیگ 5 میں منشیات کے خلاف آگاہی مہم چلائی جائے گی۔

تفصیلات کے مطابق پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین احسان مانی اور چیف آپریٹنگ آفیسر وسیم خان وزارت انسداد منشیات پہنچے جہاں وزیر انسداد منشیات شہریار خان آفریدی سے ان کی ملاقات ہوئی۔

وزارت انسداد منشیات اور پاکستان کرکٹ بورڈ کے درمیان منشیات کے خلاف مشترکہ شعوری و آگاہی مہم چلانے پر اتفاق کیا گیا، منشیات کے خلاف آگاہی مہم کا آغاز پاکستان سپر لیگ کے پانچویں ایڈیشن میں کیا جائے گا۔

وزیر انسداد منشیات شہریار آفریدی نے کرکٹ کی بحالی کے لیے وسیم خان کی جانب سے شروع کی گئی اسٹرکچرل ریفارمز اور جدید ماڈل پر لیے گئے اقدامات کو سراہتے ہوئے کہا کہ یہ اقدامات کرکٹ کی بحالی میں دور رس نتائج کا پیش خیمہ ہوں گے۔

انہوں نے کہا کہ وہ وزیر اعظم عمران خان کے تدبر اور ان کی سوچ کے مطابق کرکٹ کو نئے عالمی اسٹرکچر پر مرتب کرنے پر وسیم خان سے بہت متاثر ہوئے ہیں۔

شہریار آفریدی نے پاکستان میں انٹرنیشنل کرکٹ کی واپسی پر احسان مانی اور وسیم خان کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ اب پاکستانی کرکٹ کو نئی زندگی ملے گی۔

انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان کے وژن کے مطابق نوجوانوں کو منشیات کے نقصانات سے آگاہی کے ساتھ ساتھ کھیلوں اور دیگر صحت مند سرگرمیوں کی طرف راغب کر کے منشیات کی طلب میں کمی کرنا اہم مشن ہے۔

شہریار آفریدی کا کہنا تھا کہ پی سی بی کے ساتھ مل کر قوم کے بچوں اور جوانوں کو منشیات کے استعمال کے برے اثرات سے آگاہ کریں گے۔

چیئرمین پی سی بی احسان مانی نے وزارت انسداد منشیات کے ساتھ مل کر کام کرنے پر مسرت کا اظہار کیا اور کہا کہ کارپوریٹ سوشل رسپانسبلٹی کے فرائض کی ادائیگی میں پاکستان کرکٹ بورڈ، وزارت انسداد منشیات کے شانہ بشانہ کام کرے گا۔

Comments

- Advertisement -