The news is by your side.

پی ٹی آئی کے دوست انا پرستی چھوڑدیں، پاکستان کیلئے متحد ہونا پڑے گا، ایاز صادق

لاہور : قومی اسمبلی کے نومنتخب رکن سردار ایاز صادق نے کہا ہے کہ انہوں نے پہلے ہی کہہ دیا تھا کہ عمران خان نتائج تسلیم نہیں کرینگے مگر اب اپنی انا کو چھوڑ کر پاکستان کیلئے سب کو متحد ہونا پڑے گا۔

لاہور میں رکن قومی اسمبلی منتخب ہونے کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سردار ایاز صادق نے کہا کہ تحریک انصاف این اے 122 کے انتخابی نتیجے میں اب بھی بے ضابطگیاں تلاش کر رہی ہے وہ پی پی 147 کی بات کیوں نہیں کرتے۔

سردار ایاز صادق کا کہنا تھا کہ انہوں نے حالیہ ضمنی انتخاب میں عمران خان، عبدالعلیم خان ، عوامی تحریک، جماعت اسلامی اور حکومت مخالف اتحاد کو واضح شکست دی ہے۔ اللہ کا شکر ہے کہ این اے 122 کے الیکشن میں فتح سے ہرالزام دھل گیا ہے۔حق اور سچ کی فتح پر اللہ کا شکرگزار ہوں۔

ایاز صادق نے کہا کہ اگر ملک میں دھاندلی اور دھرنوں کی سیاست بند نہ ہوئی تو بیرونی دنیا پاکستان میں سرمایہ کاری نہیں کرے گی۔ ان کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی کے دوستوں کو پیغام دیتا ہوں کہ انا پرستی کو چھوڑدیں،ہم پاکستان کی بات کرتے ہیں ذاتیات کی نہیں ،پرانی باتیں چھوڑ کر مل کر نئے عزم کے ساتھ ملک کی خدمت کرنی چاہیے۔

انہوں نے عمران خان کو مشورہ دیا کہ وہ نوجوانوں کو ایسی تربیت کریں جو وہ اپنے بچوں کی کرنا چاہتے ہیں، سخت زبان کا استعمال مسائل حل کرنے کی بجائے انہیں بڑھا دے گی۔

Print Friendly, PDF & Email

Comments

comments

یہ بھی پڑھیں