اسلام آباد : الیکشن کمیشن نے اسپیکر قومی اسمبلی سردارایاز صادق کی رکنیت ختم کرنے کا نوٹی فکیشن جاری کردیا۔ قومی اسمبلی کواب ڈپٹی اسپیکر چلائیں گے۔
تفصیلات کے مطابق این اے ایک سو بائیس میں انتخاب کالعدم قرار دیئے جانے کے بعد الیکشن کمیشن نےایاز صادق کی رکنیت منسوخ کردی۔
الیکشن کمیشن نے ٹریبونل کا فیصلہ ملنے کے بعد سردار ایاز صادق کی قومی اسمبلی کی رکنیت ختم کر دی۔ اب ڈپٹی اسپیکر مرتضی جاوید عباسی قومی اسمبلی کے امور چلائیں گے۔
الیکشن ٹریبونل نے این اے ایک سو بائیس کے فیصلے میں تاخیر سے متعلق وضاحتی نوٹ جاری کیا ہے۔ جس کےمطابق اسّی صفحات پر مشتمل تفصیلی فیصلہ دینے میں بہت وقت لگتا ہے۔
فیصلے میں تاخیر پر تبصرے کرنیوالے عدالتی کارروائی اور طریقہ کار سے ناواقف ہیں۔ نوٹ میں جسٹس کاظم ملک نے کہا ہے کہ جج کی جانب سے چیمبر میں اکیلے فیصلہ تحریر کرنا روایت کا حصہ ہے۔
ایاز صادق کے وکلا نے ٹریبونل کے فیصلے کے خلاف اپنی اپیل میں یہ نکات اٹھائے ہیں کہ ٹریبونل کا فیصلہ آئین اور قانون کے تحت نہیں ہے۔
انتخابی بے ضابطگیوں کے تحت الیکشن کالعدم قرار نہیں دے سکتا۔ غلطی الیکشن کمیشن کی ہو تو اس کی سزا رکن اسمبلی کو نہیں دی جا سکتی۔
ادھر جسٹس کاظم ملک نے ایک پریس نوٹ جاری کیا ہے جس میں کہا گیا ہے کہ لاہور کے حلقہ این اے 122 کا کیس اہم نوعیت کا تھا، اس لئے فیصلہ پہلے نہیں لکھوایا گیا۔ پہلے لکھوانے کی صورت میں فیصلہ لیک ہونے کا خدشہ تھا۔