اسلام آباد : وفاقی وزیر سردار ایاز صادق نے قومی اسمبلی میں جماعت اسلامی کے رکن کو دھمکی دیتے ہوئے کہا اگر حکومتی بینچز پر نہیں بیٹھیں گے تو ریفرنس بھی آسکتا ہے۔
تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیر سردار ایاز صادق قومی اسمبلی میں اظہار خیال کرتے ہوئے اپوزیشن رکن عبدالاکبرچترالی کونشانے پر رکھ لیا اور کہا آپ کو کرسی عزیز ہے یا حلقےکےعوام کےمسائل اہم ہیں، چترالی صاحب کوفیصلہ کرنا ہوگا انہیں ہمارے ساتھ بیٹھنا چاہیے۔
وفاقی وزیر نے جماعت اسلامی کے رکن کو دھمکی دی کہ عبد الاکبر چترالی کے خلاف ریفرنس بھی تیار ہے، یہ سب کےدوست ہیں اس لئےکارروائی نہیں کررہے۔
ایاز صادق کا کہنا تھا کہ اگرحکومتی بینچزپرنہیں بیٹھیں گےتوریفرنس بھی آسکتاہے، ہمارےساتھ بیٹھیں ملکر مفتاح صاحب سے مسائل حل کرائیں گے۔
انھوں نے کہا مفتاح صاحب نےبہت مشکل حالات میں یہ بجٹ پیش کیا، یقین دلانے کی کوشش کی کہ پرانی حکومت ہے ، ہم نے وعدہ خلافی نہیں کی۔
وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ ہماری جماعت اتنی قیمتیں بڑھانے کے حق میں نہیں تھی، ہمارے پاس راستہ تھاسیاسی طور پر اپنا نقصان کریں یا ملک کانقصان کریں، تمام جماعتوں نے ملکر مشکل فیصلہ کیاتاکہ پاکستان بچاسکیں۔
آئی ایم ایف سے مذاکرات کے حوالے سے ایاز صادق نے کہا کہ آئی ایم ایف سےجب بات کرتے تھے جواب ملتا تھاہم آپ پراعتبارنہیں کرتے، سابقہ وزیراعظم کیلئے شاید یہ بڑی بات نہیں تھی، انہوں نےجاتے جاتے قیمتیں کم کرکے مزید مشکلات بڑھادیں۔
سابق حکومت پر تنقید کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ انہوں نےاپنی کرسی بچانے کیلئے مستقبل کو داؤ پر لگا دیا ہے ، مفتاح صاحب نے جتنی تنقید برداشت کی ان کی ہمت ہے، انھوں نے تمام فیصلے مشاورت سےکیے، ایک طرف مہنگائی اور مفتاح ،دوسری طرف ہم سب تھے۔
وفاقی وزیر نے مزید کہا کہ مفتاح اسماعیل نے مشاورت کیساتھ مشکل فیصلے کیے آئندہ بھی کریں گے، جب مفتاح صاحب ٹی وی پرآتےہیں تولوگ گھبرا جاتے ہیں، وہ کہتے تھے ناکہ بچوں سوجاؤ ورنہ وہ آجائے گا۔