بھارت میں پولیس نے اداکار ایوشمان کھرانا اور تشار کپور سے بھتہ مانگنے والے ملزم کو گرفتار کرلیا۔
بھارت میں بالی ووڈ اداکاروں کو گینگ سے منسلک دھمکیوں اور فائرنگ کا سلسلے نے ہلا کر رکھ دیا ہے، ممبئی کرائم برانچ کے افسران نے بنگلورو میں ایک 30 سالہ سافٹ ویئر پروفیشنل کو حراست میں لیا ہے جس نے مبینہ طور پر کئی فلمی ستاروں کو دھمکی آمیز پیغامات بھیج کر خوف کی فضا کو کم کرنے کی کوشش کی ان میں آیوشمان کھرانہ اور تشار کپور بھی شامل ہیں۔
ملزم ویبھو مشرا جنوبی شہر میں آئی ٹی انجینئر کے طور پر کام کرتا ہے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ اس نے اداکاروں سے انسٹاگرام کے ذریعے رابطہ کیا، تشار کپور کے معاملے میں اس نے مبینہ طور پر دھمکیوں اور 5 کروڑ روپے کی ڈیمانڈ والی وائس ریکارڈنگ بھیجی۔
تفتیش کاروں نے بھیجنے والے کے سوشل میڈیا اکاؤنٹ کی مدد سے تفتیش کی اور اس کے مقام کی نشاندہی کرنے کے لیے تکنیکی شواہد کا استعمال کیا۔ پولیس افسر نے کہا کہ ہم نے ابھی اسے اپنی تحویل میں لے لیا ہے۔
یہ پڑھیں: بالی ووڈ اداکار تشار کپور کو لارنس بشنوئی گینگ کے نام سے 5 کروڑ روپے بھتے کی دھمکی
ڈپٹی کمشنر آف پولیس (کرائم برانچ) راج تلک روشن نے گرفتاری کی تصدیق کی اور کہا کہ افسر مشرا کو ممبئی لانے سے پہلے بنگلورو کی عدالت سے ٹرانزٹ ریمانڈ طلب کریں گے۔
تفتیش کاروں کا خیال ہے کہ مشرا ایک گینگ آپریٹو کے بجائے ایک موقع پرست تھا، پولیس کے مطابق اس نے لارنس بشنوئی گینگ سے منسوب واقعات کی لہر کو آسانی سے پیسہ کمانے کے موقع کے طور پر دیکھا ہوگا کیونکہ اب تک کوئی بھی چیز انجینئر کو بشنوئی نیٹ ورک سے نہیں جوڑتی ہے۔
واضح رہے کہ یہ دھمکیاں 18 اکتوبر کو جوہو میں ٹائیگر شروف کی کار پر حملے کے بعد دی گئی تھیں جس حملے کے چند دن بعد تشار کپور کو ایک آڈیو کلپ موصول ہوا جس میں دعویٰ کیا گیا تھا کہ وہ جیل میں بند گینگسٹر بشنوئی کے قریبی ساتھی ہری چند جاٹ عرف ہیری باکسر کی طرف سے آیا ہے۔
کپور نے کلپ کی اطلاع پولیس کو دی جس نے اسے فرانزک جانچ کے لیے بھیج دیا، آواز پولیس ریکارڈ میں باکسر کے نمونوں سے میل نہیں کھاتی تھی اس وجہ سے تفتیش کاروں نے یہ نتیجہ اخذ کیا کہ ممکنہ طور پر اس پیغام کے پیچھے کوئی اور تھا اور وہ اس گھبراہٹ کا فائدہ اٹھانے کی کوشش کر رہا تھا جو گینگ نے پیدا کیا تھا۔


