کراچی: سپر ماڈل ایان علی کا ای سی ایل میں پھنسا ہوا نام آج بھی نہ نکل سکا۔ سندھ ہائیکورٹ نے سماعت 16 مئی تک ملتوی کردی۔
ڈالر گرل ایان علی کا ای سی ایل کیس میں نام آج بھی نہ نکل سکا۔ ایان علی اس سے قبل کئی پیشیاں بھگتا چکی ہیں۔ ان کا نام پہلے سندھ ہائیکورٹ کے حکم پر ای سی ایل سے نکالا گیا اس کے بعد سپریم کورٹ نے بھی انہیں کلین چٹ دے دی مگر اس کے باوجود وزارت داخلہ کی جانب سے ان کا نام ای سی ایل سے نہیں نکالا گیا۔
ایان علی نے اس کے خلاف توہین عدالت کی درخواست بھی دائر کر رکھی ہے۔
مزید پڑھیں: ایان علی کا نام دوبارہ ایگزٹ کنٹرول لسٹ میں شامل
آج ای سی ایل سے نام نکالنے کی درخواست کی سماعت سندھ ہائیکورٹ میں ہوئی۔ ایان علی کے وکیل لطیف کھوسہ نے حاضری دی۔
لطیف کھوسہ کا کہنا تھا کہ وفاق نے ای سی ایل سے نام نہ نکال کر توہین عدالت کی جس پر ایڈیشنل اٹارنی جنرل نے جواب دیا کہ عدالتی حکم پر ایان علی کا نام ای سی ایل سے نکالا تھا۔ یہ درخواست قابل سماعت نہیں ہے۔
عدالت نے کیس کی سماعت 16 مئی تک ملتوی کردی۔
ماڈل ایان علی کو گزشتہ برس مارچ میں اسلام آباد ایئرپورٹ سے 5 لاکھ ڈالر بیرون ملک اسمگل کرنے کے الزام میں گرفتار کیا گیا تھا۔