کراچی: وائس چانسلر جامعہ کراچی ڈاکٹرمحمد قیصر کا کہنا ہے کہ ایان علی کو مدعو کرنے والے طلبہ کو یونیورسٹی سے خارج کیا جاسکتا ہے۔
ماڈل ایان کی جامعہ کراچی آمد پر شاندار استقبال کیا گیا اے آر وائی نیوز نے ٹاپ ماڈل کی یونیورسٹی کی فوٹیج حاصل کرلی، سیمینار ہال میں کس طرح ایان کو ویلکم کیا گیا یہ آپ دیکھ سکتے ہیں لیکن ان سب باتوں سے انتظامیہ لاعلم رہی۔
وائس چانسلر ڈاکٹرقیصر کا کہنا ہے ماڈل ایان کی آمد کا علم نہیں تھا، وائس چانسلر نے عندیہ دیا کہ ایان علی کو مدعو کرنے والے طلبہ کو یونیورسٹی سے خارج کیا جاسکتا ہے۔
اس سے قبل جامعہ کراچی کی انتظامیہ نے ماڈل ایان علی کو مدعو کرنے والے دو طلبہ کو نوٹس جاری کردیئے، ایان علی کی حالیہ شہرت سے متعلق طالب علم اریب سے پوچھا گیا تو اس نے کہا دنیا اُسے کرمنل سمجھتی ہے لیکن وہ نہیں، اریب کا کہنا تھا کہ انہوں نے پروگرام کیلئے جامعہ کراچی کا پلیٹ فارم استعمال نہیں کیا، ماڈل گرل کی آمد انتظامیہ کیلئے بھی سرپرائز تھی۔
واضح رہے کہ ماڈل ایان علی کو پبلک ایڈمنسٹریشن کے سیکشن کی جانب سے دو طالب علموں کی ایک جوائنٹ وینچر کا افتتاح کرنے کے لئے مدعو کیا گیا، جس کا مقصد ان کے منافع سے تناسب کی ایک مقررہ رقم معذور افراد کی مدد کیلئے عطیہ کی جائے گی۔
ایان علی نے اپنی فیس بک پوسٹ میں کہا کہ انہوں نے سماجی مقصد کے لئے وینچر کے افتتاح کیلئے مہمان خصوصی کے طور پر مجھے مدعو کیا، جس کے بعد میری ٹیم نے چپس این ڈیپس پر تحقیق کی اور میں ان لوگوں کے کام سے متاثر ہوئی کیونکہ یہ نوجوان پڑھائی اور کام کے ساتھ غریبوں کی مدد کرنے کا جو کام وہ کر رہے ہیں، وہ کرنا اتنا آسان نہیں۔
تقریب کے اختتام پر ایان علی کو ایک ‘ تعریفی شیلڈ سے بھی نوازا گیاجبکہ طلبہ نے ایان کے ساتھ خوب سیلفیاں بھی بنائی۔