لاہور : ماڈل ایان علی نے وارنٹ گرفتاری کے خلاف لاہور ہائی کورٹ سے رجوع کر لیا، درخواست میں کہا الزامات کا سامنا کرنے کے لیے پیش ہونا چاہتی ہوں ، وارنٹ گرفتاری واپس لیےجائیں۔
تفصیلات کے مطابق کرنسی اسمگلنگ کیس میں ماڈل ایان علی نے وارنٹ گرفتاری کیخلاف لاہور ہائی کورٹ درخواست دائر کردی ، دائر درخواست میں مؤقف اختیار کیا ہے کہ وہ اپنے خلاف لگائے گئے الزامات کا سامنا کرنے کے لئے ٹرائل عدالت پیش ہونا چاہتی ہیں۔ بے گناہی ثابت کرنے کے لئے کسٹم عدالت میں پیش ہونے کا موقع دیا جائے۔
درخواست میں کہا گیا آئین کے آرٹیکل دس اے کے تحت شفاف ٹرائل ہر شہری کا بنیادی حق ہے، استدعا ہے کہ کسٹم کورٹ کے جاری وارنٹ گرفتاری واپس لئے جائیں۔
یاد رہے 9 مارچ کو کسٹم عدالت نے پیش نہ ہونے پر ایان علی کو اشتہاری قرار دیتے ہوئے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کر دیئے تھے۔
مزید پڑھیں : کرنسی اسمگلنگ کیس: ایان علی اشتہاری قرار، دائمی وارنٹ گرفتاری جاری
خیال رہے ایان علی پر پانچ لاکھ ڈالر غیر قانونی طور پر بیرون ملک منتقل کرنے کے الزام کے تحت کسٹم حکام نے مقدمہ درج کر رکھا ہے۔
واضح رہے کہ ماڈل ایان علی 2015 میں اسلام آباد ائیرپورٹ سے دبئی پانچ لاکھ ڈالرز غیر قانونی طورپر لے جاتے ہوئے پکڑی گئیں تھیں، جس کے بعد انہیں تین ماہ جیل کی ہوا کھانی پڑی تھی، کیس کی سماعت کسٹم عدالت میں ہوئی اور عبوری چالان میں ملزمہ کو قصور وار قرار دیا گیا۔
ایان علی کا نام ای سی ایل میں ڈال دیا گیا تھا، بعد ازاں ایان علی نے لاہور ہائیکورٹ میں ضمانت کی درخواست دائر کی جس پر عدالت نے ان کے حق میں فیصلہ سنایا اور بیرونِ ملک جانے کی اجازت بھی دی تھی۔