مظفرآباد: آزادکشمیر کے عام انتخابات 3 مراحل میں کرانے کا فیصلہ کرتے ہوئے انتخابی شیڈول کا اعلان کر دیا گیا۔
تفصیلات کے مطابق آزاد جموں و کشمیر کے چیف الیکشن کمشنر نے عام انتخابات مرحلہ وار کرانے کا باضابطہ اعلان کر دیا، الیکشن کمیشن کے فیصلے کے تحت سیکیورٹی اور انتظامی امور کو مزید مؤثر، شفاف اور پرامن بنانے کے لیے پولنگ ڈویژن وائز 3 مختلف مراحل میں ہوگی۔
چیف الیکشن کمشنر کی جانب سے جاری کردہ انتخابی شیڈول کے مطابق آزاد کشمیر میں ووٹنگ درج مختلف تاریخوں میں ہوگی۔
پہلے مرحلے میں 27 جولائی کو میرپور ڈویژن میں پولنگ ہوگی تاہم پاکستان میں مقیم جموں و کشمیر کے مہاجرین کے حلقوں میں بھی انتخابات اسی پہلے مرحلے میں ہی کرائے جانے کا امکان ہے۔
دوسرے مرحلے میں 2 اگست کو مظفرآباد ڈویژن میں عوام اپنا حقِ رائے دہی استعمال کریں گے جبکہ تیسرے مرحلے میں 10 اگست کو پونچھ ڈویژن میں آخری مرحلے کے تحت پولنگ کا عمل مکمل کیا جائے گا۔
چیف الیکشن کمشنر نے واضح کیا ہے کہ انتخابات کے نتائج بھی روایتی انداز کے بجائے مرحلہ وار ہی جاری کیے جائیں گے۔
سیکیورٹی کے حوالے سے بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا "یہ نہیں کہا جا سکتا کہ آزاد کشمیر میں حالات بہت خراب ہیں، فوج کی خدمات تو تب حاصل کی جاتی ہیں جب حالات بالکل کنٹرول سے باہر ہوں، ہم مرحلہ وار انتخابات اسی لیے کرا رہے ہیں تاکہ امن و امان قائم رہے اور ووٹرز کو شفاف ماحول مل سکے۔”
چیف الیکشن کمشنر نے پریس کانفرنس میں اعتراف کیا کہ عوامی اور سیاسی حلقوں میں یہ شدید شک و شبہات پائے جا رہے تھے کہ موجودہ حالات کے پیشِ نظر شاید انتخابات ملتوی کر دیے جائیں، تاہم الیکشن کمیشن نے حتمی مشاورت کے بعد نظرثانی شدہ ضابطہ کار تیار کر کے نیا پولنگ پروگرام جاری کر دیا ہے۔
انہوں نے دوٹوک الفاظ میں کہا کہ الیکشن کمیشن کا کام ریاست چلانا نہیں بلکہ انتخابات کرانا ہے اور ہم اپنا کام بخوبی کر رہے ہیں۔


