اسلام آباد (20 اکتوبر 2025): آزاد کشمیر حکومت سے پیپلز پارٹی علیحدگی اختیار کرے گی یا پھر کوئی اور آپشن استعمال ہوگا بڑی خبر آ گئی ہے۔
اے آر وائی نیوز کے مطابق آزاد کشمیر حکومت کا مستقبل کیا ہوگا، اس حوالے سے حتمی فیصلہ رواں ہفتے ہونے کا امکان ہے۔ ذرائع نے بتایا ہے کہ آزاد کشمیر حکومت سے متعلق فیصلے کا اختیار آصف زرداری کو مل گیا ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ پیپلز پارٹی کے گزشتہ روز ہونے والے سینٹرل ایگزیکٹو کمیٹی میں صدر مملکت آصف علی زرداری کو آزاد کشمیر کی حکومت سے متعلق فیصلہ کرنے کا اختیار دینے کی منظوری دی گئی۔
ذرائع نے بتایا ہے کہ سی ای سی سے منظوری کے بعد آصف زرداری نے پی پی آزاد کشمیر پارلیمانی پارٹی سے مشاورت کا فیصلہ کیا ہے اور ان کی صدر مملکت سے جلد ملاقات ہونے کا امکان ہے۔ اس ملاقات میں ہونے والی مشاورت کے بعد ہی آزاد کشمیر حکومت سے متعلق کوئی حتمی فیصلہ کیا جائے گا۔
ذرائع کے مطابق پیپلز پارٹی آزاد کشمیر کی پارلیمانی پارٹی حکومت سے علیحدگی کی سفارش کر چکی ہے اور وہ اس حوالے سے آصف زرداری اور فریال تالپور سے ملاقاتیں بھی کر چکی ہے۔ صدر مملکت سے ملاقات میں انہیں آزاد کشمیر میں ان ہاؤس تبدیلی لانے کی اجازت ملنے کا امکان ہے۔
سینٹرل ایگزیکٹو کمیٹی کی میٹنگ میں ممبران کا کہنا تھا کہ پی پی ماضی میں بھی آزاد کشمیر میں حکومت بنا سکتی تھی، لیکن اس کو نہیں بنانے دی گئی۔ آج اگر وہاں پی پی کی حکومت ہوتی تو آزاد کشمیر کے حالات مختلف ہوتے۔
واضح رہے کہ آزاد کشمیر میں پی پی اور ن لیگ کی مخلوط حکومت قائم ہے اور وزیراعظم کا منصب ن لیگ کے چوہدری انوار الحق کے پاس ہے۔ اس حکومت کے دوران آزاد کشمیر میں کئی بار پرتشدد مظاہرے ہو چکے ہیں۔
جہانگیر خان اے آر وائی نیوز اسلام آباد کے نمائندے ہیں۔ وہ پارلیمانی امور، صحت، کشمیر، جی بی اور پیپلز پارٹی سے متعلق خبریں رپورٹ کرتے ہیں۔


