جمعہ, اپریل 17, 2026
اشتہار

آزاد کشمیر حکومت میں شامل مہاجر وزرا کا استعفیٰ دینے سے انکار، ذرائع

اشتہار

حیرت انگیز

اسلام آباد (8 اکتوبر 2025): آزاد کشمیر حکومت میں شامل مہاجر وزرا نے معاہدے کے تحت استعفیٰ دینے سے انکار کر دیا۔

ذرائع نے اے آر وائی نیوز کو بتایا کہ وفاقی حکومت اور جوائنٹ عوامی ایکشن کمیٹی کے درمیان طے پانے والے معاہدے میں مہاجرین وزرا کو ہٹانے کی شق شامل تھی۔

تاہم اب ذرائع بتا رہے ہیں کہ وزیر اعظم آزاد کشمیر چوہدری انوار الحق نے معاہدے پر مہاجرین وزرا کو استعفیٰ دینے کا کہا لیکن انہوں نے مؤقف اپنایا کہ استعفیٰ دینے کا کوئی سوال ہی پیدا نہیں ہوتا۔

وزیر اعظم آزاد کشمیر کی جانب سے مہاجر وزرا کو ڈی نوٹیفائی کیے جانے کا امکان ہے، وزرا کی تعداد کم کرنے کیلیے کابینہ تحلیل کرنے پر بھی غور کیا جا رہا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: آزاد کشمیر معاہدے پر بھارت کی سازش ناکام ہوگئی، امیر مقام

4 اکتوبر کو آزاد کشمیر میں احتجاج کے بعد پیدا ہونے والی صورتحال کے بعد عوامی ایکشن کمیٹی اور وفاقی وزرا کے درمیان معاہدہ طے پایا تھا۔ فریقین نے مشترکہ پریس کانفرنس میں معاہدے سے متعلق تفصیلات بیان کی تھیں۔

وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی احسن اقبال نے کہا تھا کہ الحمدللہ جوائنٹ ایکشن کمیٹی کے ساتھ معاہدہ طے پا گیا ہے، پاکستان، آزاد جموں وکشمیر اور جمہوریت کی فتح ہوئی ہے۔

احسن اقبال نے کہا تھا کہ آزاد کشمیر کے عوام ہمیشہ پاکستان کے قومی مؤقف کے فرنٹ لائن پر کھڑے رہے ہیں، ان کی آواز بے پناہ اہمیت کی حامل ہے، گزشتہ چند ہفتوں میں عوامی مسائل کے باعث ایک مشکل صورتحال سامنے آئی۔

وزیر اعظم کے مشیر رانا ثنا اللہ نے کہا تھا کہ عوامی ایکشن کمیٹی کے تمام جائز مطالبات منظور کر لیے گئے ہیں، وفاقی وزرا کمیٹی کی طرف سے عوام ایکشن کمیٹی کا شکریہ ادا کرتا ہوں، دونوں جانب سے قیمتی جانوں کے ضیاع پر بہت افسوس ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ معاہدے کے مطابق لیگل ایکشن کمیٹی ہر 15 دن بعد بیٹھے گی، یہ معاملہ خوش اسلوبی سے طے پا گیا ہے۔

راجہ پرویز اشرف کا کہنا تھا کہ چیئرمین بلاول بھٹو کی ہدایت تھی کہ معاملے کو خوش اسلوبی سے طے کیا جائے، کچھ لوگ امید لگائے بیٹھے تھے کہ معاملے کو بگاڑا جائے۔

انہوں نے کہا تھا کہ ایسے لوگوں کے تمام ترمنصوبے ناکام ہوئے، اللہ کاشکر ہے کہ ہماری گفتگو مثبت رہی، ہماری کوشش ہے کہ خطے میں امن اور بھائی چارے کا سلسلہ قائم رہے۔

وفاقی وزیر امور کشمیر امیر مقام نے کہا کہ اللہ کا شکر ادا کرتاہوں کہ معاملہ خوش اسلوبی سے طے پا گیا، جانی نقصان پر بہت افسوس ہے، کشمیری عوام کی فلاح وبہبود ہماری اوّلین ترجیح ہے۔

اس موقع پر عوامی ایکشن کمیٹی کے رکن کا کہنا تھا کہ وزیراعظم شہباز شریف اور حکومتی مذاکراتی کمیٹی کے مشکور ہیں، ہمارے معاملات خوش اسلوبی سے طے پا گئے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ یہ خالصتاً ہمارا اندرونی معاملہ تھا کسی دوسرے ملک کو مداخلت کی اجازت نہیں دے سکتے، ریاست اور عوامی ایکشن کمیٹی کے درمیان معاملات طے پاگئے ہیں۔

اہم ترین

مزید خبریں