جمعہ, فروری 13, 2026
اشتہار

وزیر اعظم کا آزاد کشمیر کی صورتحال کا سخت نوٹس

اشتہار

حیرت انگیز

اسلام آباد (2 اکتوبر 2025): وزیر اعظم شہباز شریف نے آزاد کشمیر میں عوامی ایکشن کمیٹی کے احتجاج کے باعث خراب ہونے والی صورتحال کا سخت نوٹس لے لیا۔

ذرائع نے اے آر وائی نیوز کو بتایا کہ وزیر اعظم شہباز شریف کی ہدایت پر مذاکراتی کمیٹی آج آزاد کشمیر روانہ ہوگی، انہوں نے مسئلے کے پُرامن حل کیلیے مذاکراتی کمیٹی کی توسیع کا فیصلہ کیا ہے۔

کمیٹی میں رانا ثنا اللہ، سردار یوسف، احسن اقبال، مسعود خان اور قمر زمان کائرہ شامل ہیں۔ وزیر اعظم نے کمیٹی کو ہدایت کی ہے کہ مذاکراتی کمیٹی فوری مظفر آباد جائے اور مسائل کا دیرپا حل نکالے۔

شہباز شریف نے عوامی ایکشن کمیٹی کے اراکین اور قیادت سے اپیل کی کہ وہ حکومتی مذاکراتی کمیٹی کے ساتھ تعاون کریں۔

یہ بھی پڑھیں: آزاد کشمیر میں احتجاج کا حق ہے مگر انتشار سے نقصان ہوتا ہے، ڈی جی آئی ایس پی آر

ذرائع کے مطابق مسائل کے فوری تدارک کیلیے کمیٹی سفارشات اور مجوزہ حل بلا تاخیر وزیر اعظم آفس ارسال کرے گی، وزیر اعظم شہباز شریف نے وطن واپسی پر مذاکرات کے عمل کی نگرانی کا اعلان کیا۔

گزشتہ روز وفاقی وزیر پارلیمانی امور طارق فضل چوہدری نے وزیر اعظم آزاد کشمیر چوہدری انوار الحق کے ساتھ نیوز کانفرنس میں بتایا تھا کہ وزیر اعظم شہباز شریف نے عوامی ایکشن کمیٹی کے مطالبات تسلیم کرنے کی ہدایت کی ہے۔

طارق فضل چوہدری نے کہا تھا کہ 29 ستمبر کو عوامی ایکشن کمیٹی نے پرامن احتجاج کی کال دی تھی جو تشدد کا راستہ اختیار کرگیا، مسائل کے حل کیلیے وزیر اعظم نے کمیٹی تشکیل دی تھی، شہباز شریف نے امیر مقام اور مجھے مذاکرات کی ذمہ داری دی اور کہا کہ ایکشن کمیٹی کے مطالبات تسلیم کریں۔

وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ عوامی ایکشن کمیٹی کے 90 فیصد مطالبات کو تسلیم کر لیا گیا تھا، ہم دونوں وفاقی وزرا نے مطالبات پر عملدرآمد کی گارنٹی دی تھی، مقدمات کے خاتمے سمیت معطل سرکاری ملازمین کی بحالی کا حکم نامہ جاری ہوا، گندم، بجلی اور لوکل گورنمنٹ کے حوالے سے مطالبات منظور کیے گئے، مہاجرین کی سیٹیں ختم کرنا، وزرا کی تعداد میں کمی پر پیشرفت نہ ہوئی۔

وزیر اعظم آزاد کشمیر انوار الحق کا کہنا تھا کہ مہذب دنیا میں مطالبات کی منظوری کا واحد راستہ مذاکرات ہی ہے، عوامی ایکشن کمیٹی کو مذاکرات کی دعوت دیتے ہیں۔

انہوں نے کہا تھا کہ قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر شدید دکھ اور افسوس ہے، تین پولیس جوان شہید، 150 سے زائد زخمی ہیں، پولیس کے 8 جوان شدید زخمی ہیں۔

+ posts

اہم ترین

مزید خبریں