یہ تذکرہ ہے اپنے وقت کے استاد شاعر شیخ امام بخش ناسخ اور خواجہ حیدر علی آتش کا جن کی معاصرانہ چشمک بھی مشہور ہے۔ لیکن وہ اس سطح پر کبھی نہیں اتری جس کا نظارہ اہلِ لکھنؤ نے اردو کے دو مشہور شعراء مصحفی اور انشا کے معاملہ میں کیا۔
مولانا حسین آزاد جیسے ممتاز انشا پرداز نے اپنی کتاب آبِ حیات میں ان کا احوال خوب رقم کیا ہے جس سے یہ اقتباس ملاحظہ کیجیے۔ یہاں ناسخ کو صرف شیخ اور آتش کو خواجہ لکھا ہے۔ ان دونوں شعرا کا مزاج اور شاعرانہ انداز بھی جدا تھا۔ استاد ناسخ کے شاگرد اور پرستار ان کے مشکل مضامین کو پسند کرتے تھے جب کہ آتش کے معتقدین ان کے ہاں محاورے کی صفائی، کلام کی سادگی، شعر کی تڑپ اور تاثیر کو مانتے تھے۔ اس دور کے شعرا یا ان کے شاگرد بھی ایک دوسرے شاعر کو زچ کرنے یا نیچا دکھانے کی کوشش کرتے تھے۔ شیخ امام بخش ناسخ پہلوانی کرتے تھے اور دوسری طرف خواجہ حیدر علی آتش شمشیر زنی کے ماہر اور جری انسان تھے۔ لیکن نوک جھونک کے ساتھ دونوں میں تہذیب و شرافت بھی تھی۔ یہ پارہ اسی کی منظر کشی کرتا ہے۔
ایک نواب صاحب کے ہاں مشاعرہ تھا۔ وہ ان کے معتقد تھے۔ انھوں نے ارادہ کیا کہ شیخ صاحب جب غزل پڑھ چکیں تو انھیں سر مشاعرہ خلعت دیں۔ یار لوگوں نے خواجہ صاحب کے پاس مصرع طرح نہ بھیجا۔ انھیں اس وقت مصرع پہنچا جب ایک دن مشاعرہ میں باقی تھا۔خواجہ صاحب بہت خفا ہوئے اور کہا کہ اب لکھنؤ رہنے کا مقام نہیں، ہم نہ رہیں گے۔ شاگرد جمع ہوئے اور کہا کہ آپ کچھ خیال نہ فرمائیں نیاز مند حاضر ہیں۔ دو دو شعر کہیں گے تو صد ہا شعر ہو جائیں گے۔ وہ بہت تند مزاج تھے۔ ان سے بھی وہی تقریریں کرتے رہے۔ شہر کے باہر چلے گئے، پھرتے پھرتے ایک مسجد میں جا بیٹھے۔ وہاں سے غزل کہہ کر لائے اور مشاعرے میں گئے تو ایک قرابین بھی بھر کر لیتے گئے۔ بیٹھے ایسے موقع پر کہ عین مقابل شیخ صاحب کے تھے۔ اوّل تو آپ کا انداز ہی بانکے سپاہیوں کا تھا، اس پر قرابین بھری سامنے رکھی تھی اور معلوم ہوتا تھا کہ خود بھی بھرے بیٹھے ہیں۔ بار بار قرابین اٹھاتے تھے اور رکھ دیتے تھے۔ جب شمع سامنے آئی تو سنبھل کر سامنے ہو بیٹھے اور شیخ صاحب کی طرف اشارہ کر کے کہا۔
سن تو سہی جہاں میں ہے تیرا فسانہ کیا
کہتی ہے تجھ کو خلقِ خدا غائبانہ کیا
اس ساری غزل میں کہیں ان کے لے پالک ہونے پر، کہیں ذخیرۂ دولت پر، کہیں ان کے سامانِ امارت پر غرض کچھ نہ کچھ چوٹ ضرور ہے۔ شیخ صاحب بے چارے دم بخود بیٹھے رہے۔ نواب صاحب ڈرے کہ خدا جانے یہ ان پر قرابین خالی کریں یا میرے پیٹ میں آگ بھر دیں۔ اُسی وقت داروغہ کو اشارہ کیا کہ دوسرا خلعت خواجہ صاحب کے لیے تیار کرو۔ غرض دونوں صاحبوں کو برابر خلعت دے کر رخصت کیا۔


