اسلام آباد (9 نومبر 2025): وفاقی وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ کا کہنا ہے کہ وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا میں نے ہمیشہ اس عہدے پر نہیں رہنا۔
27ویں آئینی ترمیم پر غور کیلیے مشترکہ پارلیمانی کمیٹی کے اجلاس میں وقفے کے بعد اعظم نذیر تارڑ نے میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ کمیٹی نے 85 فیصد کام مکمل کر لیا ہے جبکہ ایم کیو ایم سمیت دیگر اتحادی جماعتوں کی تجاویز پر وقفے کے بعد غور ہوگا، امید ہے آج شام تک کمیٹی اپنا کام کر لے گی۔
یہ بھی پڑھیں: شہباز شریف کی ہدایت پر وزیر اعظم کے استثنیٰ سے متعلق تجویز واپس لے لی گئی
اعظم نذیر تارڑ نے کہا کہ وزیر اعظم شہباز شریف کل آذربائیجان میں تھے رات کو واپس آئے ہیں، انہوں نے صبح ہی وزیر اعطم کے استثنیٰ سے متعلق تجویز سے منع کر دیا، انہوں نے صبح مجھے اور اٹارنی جنرل بلایا اور کہا کہ ’میں نے ہمیشہ وزیر اعظم نہیں رہنا منتخب وزیر اعظم کیلیے آئین میں جو لکھا ہے وہ بہت مناسب ہے‘۔
وفاقی قانون نے مزید کہا کہ صدر اور دیگر عہدوں کیلیے استثنیٰ سے متعلق فنکشنز مختلف ہیں جس کی وجہ سے وزیر اعظم ایسا کوئی استثنیٰ نہیں چاہتے۔
ان کا کہنا تھا کہ جمعیت علمائے اسلام (ف) کے اراکین کل پارلیمانی کمیٹی اجلاس میں شریک ہوئے تھے انہوں نے کمیٹی کو پارٹی پالیسی سے آگاہ کیا تھا کہ پارٹی کی ہدایت ہے اس کمیٹی کا حصہ نہ بنیں، میرے خیال میں پارلیمانی جماعتوں کو ووٹ کا حق استعمال کرنا چاہیے۔


