سینیٹر اعظم سواتی کو جوڈیشل مجسٹریٹ قمبر کی عدالت میں پیش کیا گیا جہاں عدالت نے ان کا تین روزہ جسمانی ریمانڈ منظور کرتے ہوئے پولیس کے حوالے کردیا۔
اے آر وائی نیوز کے مطابق پاکستان تحریک انصاف کے سینیٹر اعظم سواتی کو پولیس نے آج جوڈیشل مجسٹریٹ قمبر کی عدالت میں پیش کیا جہاں پولیس نے ان کی اداروں پر تنقید کے حوالے سے درج ایف آئی آرز بھی پیش کیں۔
پولیس نے عدالت سے سینیٹر کے جسمانی ریمانڈ دینے کی استدعا کرتے ہوئے بتایا کہ ملزم اعظم سواتی پر شہری ضمیر کھوسو اور قمر الدین کی مدعیت میں مقدمات درج ہیں۔ اس موقع پر پولیس نے ایف آئی آرز کی رپورٹ بھی پیش کی۔
عدالت نے اعظم سواتی کو تین روزہ جسمانی ریمانڈ پر پولیس کے حوالے کردیا۔
اعظم سواتی کی پیشی پر عدالت کے باہر پی ٹی آئی سینیٹر سیف اللہ ابڑو ودیگر بھی موجود تھے۔
یہ بھی پڑھیں: سینیٹر اعظم سواتی سندھ منتقل
واضح رہے کہ اداروں کے خلاف نازیبا زبان استعمال کرنے پر اعظم سواتی پر ملک بھر میں مقدمات درج کیے جا چکے ہیں۔ بلوچستان میں گرفتاری و رہائی کے حکم کے بعد انھیں سندھ پولیس کے حوالے کر دیا گیا تھا۔