منگل, اگست 11, 2026
اشتہار

نیا ناظم آباد سے اذان کو اغوا کرنے والے ملزم احتشام کے تہلکہ خیز انکشافات

اشتہار

حیرت انگیز

کراچی (22 جولائی 2026): شہر قائد کے علاقے منگھوپیر، نیا ناظم آباد سے ننھے اذان کے اغوا میں ملوث ماسٹر مائنڈ احتشام مغوی بچے کے والد کا 22 سالہ پرانا دوست نکلا تھا، اس سلسلے میں گرفتار تینوں ملزمان نے تہلکہ خیز انکشافات کیے ہیں۔

نیا ناظم آباد سے 2 سالہ بچے اذان کو اغوا کر کے گھارو شہر پہنچا دیا گیا تھا، پولیس کا کہنا ہے کہ مرکزی ملزم احتشام 3 روز تک والدین کے ساتھ بچہ تلاش کرتا رہا، اور ملزم احتشام لوگوں سے خوب داد بھی وصول کرتا رہا۔

پولیس کے مطابق ہر فون کال مرکزی ملزم کو آنے پر انھیں شک ہو گیا تھا، ملزم متاثرہ خاندان اور رشتہ داروں اور مکینوں کے سامنے اچھا ہونے کا ڈراما کرتا رہا، پولیس آج مرکزی ملزم سمیت تینوں ملزمان کو عدالت میں پیش کرے گی۔

ملزم احتشام نے اپنے بیان میں انکشاف کیا کہ وہ اذان کو اغوا کرنے کے لیے موٹر سائیکل پر 4 بار آیا تھا، احتشام نے اعتراف کیا کہ اس نے پیسوں کی لالچ میں دوست کے بیٹے کو اغوا کیا۔

ملزم نے کہا ’’ہم بچپن کے دوست تھے، مجھے پتہ تھا میرا دوست کنسٹرکشن کا کام کرتا ہے، معلوم تھا میرے دوست کے پاس پیسے ہیں، بچہ مجھ سے پہلے ہی مانوس تھا، اذان کو اشارہ کیا تو وہ میرے پاس آ گیا۔‘‘

احتشام نے کہا ’’میں بچے کو لے گیا اور جمشید روڈ پر اپنے سالے کے حوالے کر دیا، میرا سالہ عبدالوہاب بچے کو لے کر موٹر سائیکل پر گھارو گیا، اس نے بچہ گھارو میں افتخار کے حوالے کر دیا۔‘‘


کراچی، 2 سالہ اذان کے اغوا میں والد کا دوست مرکزی ملزم نکلا


مرکزی ملزم نے اعتراف کیا ’’ساری منصوبہ بندی میں نے کی، غیر ملکی نمبر سے تاوان بھی میں نے ہی مانگا تھا، میں طارق روڈ پر کپڑے کا کام کرتا ہوں، 2 ماہ قبل بیٹی بیمار ہوئی تو عبدالوہاب سے ایک لاکھ روپے مانگے تھے، اس نے کہا میرے پاس پیسے نہیں ہیں۔‘‘

ملزم عبدالوہاب نے اپنے بیان میں تصدیق کی کہ ’’احتشام نے بچہ میرے حوالے کیا تو موٹر سائیکل پر گھارو لے گیا، میں نے گھارو میں بچہ افتخار کے حوالے کر دیا۔‘‘

جب کہ سہولت کار افتخار نے بتایا ’’مجھے عبدالوہاب نے لا کر بچہ دیا تو میں نے گھر پر رکھ لیا، 2 سے 3 دن تک بچہ میرے پاس ہی رہا، لیکن مجھے نہیں پتہ تھا بچہ اغوا کیا گیا ہے، ٹی وی پر دیکھ کر پتہ چلا۔‘‘

اہم ترین

نذیر شاہ
نذیر شاہ
نذیر شاہ کراچی میں اے آر وائی نیوز سے وابستہ نمائندہ خصوصی ہیں، وہ 16 سال سے زائد عرصے سے اپنے شعبے میں مصروف عمل ہیں اور انویسٹیگیٹو نیوز بریکنگ میں مہارت رکھتے ہیں، اور کراچی کے جرائم اور پولیس نظام سے متعلق گہری سمجھ بوجھ کے حامل ہیں۔

مزید خبریں