سابق کپتان اظہر علی نے بھی آسٹریلیا کے خلاف سیریز میں اسپن وکٹ بنانے پر تنقید کردی۔
پروگرام ’اسپورٹس روم‘ میں گفتگو کرتے ہوئے سابق کپتان اظہر علی نے کہا کہ بیٹنگ کے لیے یہ بہت مشکل سیریز رہی ہے، اسپن کے علاوہ بیٹرز کو فاسٹ بولرز کو کھیلنے میں بھی مشکل پیش آرہی تھی۔
انہوں نے کہا کہ تیسرے میچ میں فاسٹ بولر ایلس لمبے رن اپ سے آکر آف کٹر کررہے تھے جسے کھیلنے میں بیٹرز کو مشکل ہورہی تھی۔
اظہر علی نے کہا کہ ان وکٹوں پر آپ ناصرف اسپنرز بلکہ فاسٹ بولر کے خلاف بھی اچھے اسٹرائیک ریٹ سے نہیں کھیل سکتے۔
سابق کپتان نے کہا کہ معاذ صداقت اور دیگر نوجوان کرکٹرز کے لیے بھی یہ وکٹ مشکل رہی ہے، اگر بیٹنگ وکٹ ہوتی تو ان کی پرفارمنس پر بات کرسکتے تھے لیکن اب اسی لیے آپ زیادہ کسی بیٹر پر تنقید نہیں کرسکتے۔
یہ پڑھیں: پاکستان نے آسٹریلیا کے خلاف لگاتار تیسری ون ڈے سیریز جیت لی
ان کا کہنا تھا کہ ٹھیک ہے بی، سی ٹیم آپ کو جو بھی ملے گی اسی سے کھیلنا ہے لیکن آپ ورلڈ کپ میں جاتے وقت کہتے ہیں کہ ہماری ٹیم بہت اچھی کارکردگی دکھا رہی ہے، رینکنگ اچھی ہے لیکن ورلڈ کپ میں جاتے ہیں تو ایسا لگتا ہے کہ دوسری ٹیمیں بڑے لڑکے لے کر آگئی ہیں۔
اظہر علی نے کہا کہ چار، پانچ سیریز سے ایسا ہی ہوگیا ہے کہ ہم ہوم سیریز جیت کر جاتے ہیں لیکن آئی سی سی ایونٹ میں کہیں نظر نہیں آتے۔


