لاہور: قومی ٹیسٹ ٹیم کے کپتان اظہر علی نے کرونا متاثرین کی مدد کے لیے بیٹ، شرٹ نیلام کردئیے۔
تفصیلات کے مطابق کرونا وائرس کی وبا کے سبب ملک بھر میں لاک ڈاؤن کیے جانے کے بعد مزدور طبقہ سب سے زیادہ متاثر ہوا ہے ایسے میں مخیر حضرات اور کھلاڑیوں کی جانب سے ضرورت مند لوگوں کی مدد کی جارہی ہے۔
قومی ٹیسٹ ٹیم کے کپتان اظہر علی بھی ضرورت مندوں کی مدد کے لیے میدان میں آئے اور اپنا بیٹ، شرٹ نیلام کردیے۔
اظہر علی کے ٹرپل سنچری بنانے والے بیٹ کی نیلامی 10 لاکھ روپے میں ہوئی، نیلامی میں ٹرپل سنچری والا بیٹ ایک بھارتی میوزیم نے خریدا ہے۔
I would like 2 announce the winners of auction @BladesOf_Glory got the bat for 1 million and Mr Kash Villani from California got the CT shirt for 1.1 million congrats and thank u 4 your support.Also like to thank Mr Jamal khan from new jursey who donated 10% of the highest bid.
— Azhar Ali (@AzharAli_) May 6, 2020
ٹیسٹ کپتان کی چیمپئنز ٹرافی وننگ شرٹ 11 لاکھ روپے میں نیلام ہوئی، شرٹ کیلی فورنیا میں رہائش پذیر کاش ویلانی نے نیلامی میں خریدی جبکہ نیوجرسی کے جمال خان نے شرٹ کا 10 فیصد عطیہ کرنے کا اعلان کیا تھا۔
اظہرعلی کا کہنا ہے کہ مجموعی طور پر نیلامی کے عمل سے 22 لاکھ روپے اکٹھے ہوئے ہیں، کرونا وائرس کے متاثرین کی براہ راست مدد کروں گا۔
واضح رہے کہ اس سے قبل قومی کرکٹ ٹیم کے فاسٹ بولر رومان رئیس نے غریبوں کی امداد کے لیے اپنی ڈیبیو کیپ، کرکٹ بیٹ اور اسلام آباد یونائیٹڈ کی شرٹ نیلام کردی تھی۔
رومان رئیس کی ڈیبیو کیپ ایک لاکھ 60 ہزار، کرکٹ بیٹ 80 ہزار اور اسلام آباد یونائیٹڈ کی جرسی 60 ہزار روپے میں نیلام ہوئی تھی۔