لاہور (3 اکتوبر 2025): وزیر اطلاعات و نشریات پنجاب عظمیٰ بخاری کا کہنا ہے کہ جس کو دیکھو وہ منہ اٹھا کر پنجاب پر انگلی اٹھانے آ جاتا ہے۔
مشیر خزانہ خیبر پختونخوا مزمل اسلم کے حالیہ بیان پر ردعمل دیتے ہوئے عظمیٰ بخاری نے کہا کہ انہیں اپنے صوبوں کی خبر نہیں ہے، دہشتگردی، کرپشن، لاقانونیت اور بیڈ گورننس روز دروازے پر دستک دیتی ہے، بونیر، صوابی اور سوات میں سیلاب سے ہزاروں لوگ متاثر ہوئے کیا انہیں امداد دی؟
عظمیٰ بخاری نے کہا کہ آپ کے وزیر اعلیٰ علی امین گنڈاپور ہر ماہ وفاق کو فنڈز کیلیے خط لکھتے ہیں اور آپ یہاں شیخ چلی کی طرح شیخیاں بکھیر رہے ہیں، خیبر پختونخوا کے دو وزرا نے آپ کے وزیر اعلیٰ کی کرپشن کی کہانیاں سنا کر استعفے دیے۔
صوبائی وزیر نے مزید کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز سیلاب متاثرین کے نام پر قرض یا امداد نہیں مانگے گی، جن کو چندے اور امداد کھانے کی عادت پڑی ہو وہ دوسروں کو بھی یہی درس دیں گے، پنجاب میں سیلاب سے 10 یا 20 لوگ نہیں 45 لاکھ افراد متاثر ہوئے ہیں، مریم نواز خود سیلاب سے متاثرہ ہر فرد کے پاس جا کر ان کی مدد کریں گی۔
گزشتہ روز عظمیٰ بخاری نے رہنما پاکستان پیپلز پارٹی شرمیلا فاروقی کو مناظرے کا چیلنج دیا تھا۔ انہوں نے اپنے بیان میں کہا تھا کہ پاکستان پیپلز پارٹی کی سندھ میں 17 سال سے حکومت ہے جبکہ وزیر اعلیٰ مریم نواز کی پنجاب میں حکومت کو دو سال بھی مکمل نہیں ہوئے، آپ 17 سال میں اپنے 17 عوامی فلاح کے منصوبوں نہیں گنوا سکتے۔
صوبائی وزیر نے کہا تھا کہ مریم نواز نے ڈیڑھ سال میں 90 منصوبے شروع کر دیے جبکہ 50 مکمل بھی ہو چکے ہیں، وزیر اعلیٰ نے ’اپنی چھت اپنا گھر‘ میں 90 ہزار گھر دیے 80 ہزار اسکالرشپ دیں، ساڑھے 9 ہزار کسانوں کو ٹریکٹر تقسیم کیے اور 27 ہزار طلبہ کو الیکٹرک بائیکس تقسیم کیں۔
ان کا کہنا تھا کہ پنجاب میں ذہین طالب علموں کو جدید مفت لیپ ٹاپ کی تقسیم بھی جاری ہے، ہزار بیڈ کا کینسر اسپتال، مفت ادویات کی فراہمی، الیکٹرک بسیں اور کارڈیالوجی اسپتال بن رہے ہیں، میں آپ کے ساتھ مناظرے کیلیے بالکل تیار ہوں آ جائیں پرفارمس کا مقابلہ کرتے ہیں۔
’یہی تو ہم کہہ رہے ہیں کہ سندھ میں ایسی ترقی ہو رہی ہے جو نظر نہیں آ رہی آ جائیں وہ قوم کو دکھائیں، 17 سال کی حکومت والوں کو پنجاب سے موازنے کا شوق ہے تو مناظرہ کر لیں، کراچی کے لوگ خود لاہور کی سڑکوں اور صفائی کی تعریفیں کرتے ہیں جس کی آپ کو پریشانی ہے۔‘
عظمیٰ بخاری نے مزید کہا تھا کہ بی آئی ایس پی کو آپ کیوں زبردستی پنجاب کے سیلاب متاثرین پر مسلط کرنا چاہتے ہیں؟ مریم نواز پنجاب کے سیلاب متاثرین کو 10، 10 لاکھ کے امدادی چیک دینے جا رہی ہیں، آپ بی آئی ایس پی کے ذریعے سیلاب متاثرین کو 10، 10 ہزار دیں ہمیں کوئی اعتراض نہیں۔
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں


