ہفتہ, دسمبر 14, 2024
اشتہار

فاٹا کا فیصلہ قبائل عوام کی مرضی کے خلاف نہیں‌ہوگا، عمران خان

اشتہار

حیرت انگیز

اسلام آباد: پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے کہا ہے کہ شریف خاندان پاناما کیس میں کوئی ثبوت پیش نہیں کرسکا ان کے جھوٹ بے نقاب ہوگئے، قبائلی عوام کو اعتماد میں لیے بغیر کوئی فیصلہ نہیں کریں گے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے بنی گالہ میں پاناما کیس میں ان کے وکیل بابر اعوان اور قبائلی عمائدین کے وفد سے علیحدہ علیحدہ ملاقات میں کیا۔ بابر اعوان سے ملاقات میں عمران خان نے پاناما کیس کی سماعتوں کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا۔

بابراعوان نے کہا کہ شریف خاندان کے خلاف پاناما کیس میں اہم فیصلے کی توقع ہے۔ قطری خطوط کی کوئی قانونی حیثیت نہیں، وزیراعظم کے وکلاء کو بھی اندازہ ہوگا کہ ان کا کیس مضبوط نہیں ہے۔

- Advertisement -

عمران خان کا کہنا تھا کہ حکمران خاندان عدالت میں کوئی ثبوت پیش نہیں کر سکے، شریف خاندان اب تک صرف قطری خط ہی پیش کرسکے جس کے بعد اب ان کے جھوٹ بے نقاب ہوچکے ہیں، ملاقات میں فاٹا اصلاحات اور سیاسی صورت حال پر بھی بات چیت کی گئی۔

علاوہ ازیں چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان سے قبائلی عمائدین کے وفد نے ملاقات کی، وفد نے عمران خان سے قبائلی علاقوں کے خیبرپختونخوا میں انضمام سے متعلق تبادلہ خیال کیا۔

عمران خان نے کہا کہ قبائلی علاقوں کے مستقبل کے لیے اہم فیصلے وقت کی ضرورت ہیں، فاٹا کے مستقبل سے متعلق فیصلے کو التواء میں ڈالنا مفاد میں نہیں۔ پی ٹی آئی مستقبل کے ہرفیصلے میں عوام کے ساتھ کھڑی ہے۔

عمران خان نے وفد کو یقین دہانی کرائی کہ قبائلی عوام کواعتماد میں لیے بغیر کوئی فیصلہ نہیں کریں گے، انضمام سے تعمیر و ترقی تک ہرمرحلہ مشاورت سےطے کریں گے، قبائلی عمائدین نے کہا کہ چیئرمین پی ٹی آئی کی فاٹا کے عوام کی پشت پناہی پرشکرگزار ہیں۔

Comments

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں